کراچی متحدہ کے کارکن سمیت 5 افراد ہلاک 32 زخمی 5 لاشیں ملیں

خواجہ اجمیر نگری، بلدیہ ٹائون،منگھوپیرمیں3ہلاکتیں،5لاشیں نشترروڈ،گلشن اقبال، اورنگی ٹائون ،پی آئی بی کے علاقوں سے ملیں


Staff Reporter August 23, 2012
خواجہ اجمیر نگری، بلدیہ ٹائون اورمنگھوپیر میں3ہلاکتیں،5لاشیں نشتر روڈ،گلشن اقبال، اورنگی ٹائون ،پی آئی بی کے علاقوں سے ملیں۔ فوٹو : فائل

KARACHI: شہر کے مختلف علاقوں میں عید الفطر کے تین دنوں کے دوران فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے کارکن سمیت5 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہو گئے جبکہ 5 افراد کی لاشیں ملیں۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر کے علاقے پہلوان گوٹھ میں ندی کے قریب عید الفطر کے پہلے روز دو بھائیوں سید شاہ رضا اور شاہ میر میں جھگڑے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر25 سالہ ایان ولد محمد زخمی ہو گیا جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا،پولیس نے دونوں بھائیوں کے رشتے داروں کو حراست میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔

پاکستان بازار تھانے کی حدود گلشن بہار سیکٹر 16/Cمیں حجام کی دکان کے باہر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے50سالہ شاہد ولد روشن ہلاک ہو گیا،پولیس کے مطابق مقتول گلشن بہار کا رہائشی اور متحدہ قومی موومنٹ اورنگی ٹاؤن سیکٹر یونٹ121کا کارکن تھا ، مقتول شیو بنوا کر گھر جا رہا تھا کہ گھات لگائے ملزمان نے فائرنگ کردی،گلشن اقبال کے علاقے بلاک13/D3نعمان کمپلکس کے فلیٹ نمبر K/30 کے رہائشی40 سالہ دوست محمد ولد محمد حسین کی عید الفطر کے پہلے روز گھر سے3روز پرانی لاش ملی،پولیس کے مطابق متوفی کافی عرصہ سے گھر میں اکیلا رہائش پزیر تھا اورذہنی توازن درست نہیں تھا۔

قائد آباد کے علاقے داؤد مل کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے25 سالہ جمال، 27 سالہ محمد علی اور28 سالہ عمر زادہ زخمی ہو گئے جبکہ اولڈ مظفر آباد کالونی میں روٹ نمبرD-7 کی منی بس میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان کی فائرنگ سے40 سالہ محمد عارف ، 19 سالہ نعیم اور28سالہ اکبر علی زخمی ہو گئے،کورنگی صنعتی ایریا میں زمین کے تنازع پر عمرانی اور شیخ برادری میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے نظام ، اعجاز اور لشکر زخمی ہو گئے، پاکستان بازار تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن نمبر14فوجی ہوٹل کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت کرنے پر ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ ارمان علی زخمی ہو گیا،ڈاکس کے علاقے محمد کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے30سالہ حسینہ زوجہ نذیر جبکہ ناظم آباد نمبر4کی رہائشی18سالہ ثوبیہ گھر کے قریب نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے زخمی ہو گئی۔

بلدیہ ٹاؤن نیول کالونی ناردرن بائی پاس پر عید الفطر کے دوسرے روز سوزوکی پک اپ پر موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے ڈرائیور25سالہ باقر عرف اکو زخمی ہوگیا اورسول اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا جبکہ نیول کالونی کے قریب کچرا کنڈی سے بوری میں بند 15 سالہ نامعلوم لڑکے کی لاش ملی جو 4 دن پرانی تھی، کچرا جلانے کے باعث مقتول کے جسم کا کچھ حصہ جھلس گیا تھا،اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ منصور نگر میں واقعے الحرمین پبلک اسکول کے باتھ روم سے ایک شخص کی لاش ملی،پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت30سالہ خاور کے نام سے کی گئی ، مقتول اسکول کا چوکیدار تھا اور وہیں رہائش پزیر تھا ، مقتول کے سر پر چوٹ کے نشانات تھے۔

پی آئی بی کالونی کے علاقے پرانی سبزی منڈی عسکری پارک کے عقب میں مجاہد سوسائٹی سے ایک شخص کی لاش ملی، مقتول کی شناخت ظفر اقبال کے نام سے کی گئی، پولیس کے مطابق مقتول گلشن اقبال بلاک 13/D2سوانہ سٹی اپارٹمنٹ کا رہائشی اور سی آئی ڈی کے ڈی ایس پی ممتاز کا برادر نسبتی تھا اور اسی کے گھر میں بطور گھریلو ملازم کام کرتا تھا،رسالہ کے علاقے نشتر روڈ کرائسٹ چرچ کے قریب کچرا کنڈی سے ایک شخص کی ہاتھ پاؤں بندھی بوری بند لاش ملی، سول اسپتال میں مقتول کی شناخت35 سالہ نعمان بلوچ عرف نونی کے نام سے اس کے بھائی لال محمد بلوچ نے کی، مقتول بغدادی لیاری کا رہائشی اور غیر شادی شدہ تھا۔

بغدادی کے علاقے لیاری آگرہ تاج کالونی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے عاطف خان،ملیر سندھ بینک کے قریب لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے28 سالہ فیض اور19سالہ بہادر،پرانی سبزی منڈی عسکری پارک کے قریب 28 سالہ انس ولد اقبال زخمی زخمی ہوگیا،بغدادی کے علاقے بابا حسین شاہ مزار پر قوالی کے پروگرام میں جھگڑے کے دوران نامعلوم افراد کی فائرنگ سے27 سالہ زوہیب 30 سالہ نعمان، 25سالہ محمد زبیر،25 سالہ محمد اور45سالہ روبینہ زوجہ صدیق زخمی ہو گئے، خواجہ اجمیر نگری کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر ون کچی آبادی میں گھر کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے20 سالہ شفیق ولد رفیق ہلاک ہوگیا،مقتول کا آبائی تعلق بہاولپور سے تھا اور وہ محنت مزدوری کرتا تھا، واقعے کے وقت عید الفطر کے دوسرے اور تیسرے روز کی درمیانی شب علاقے میں لوڈشیڈنگ کے باعث وہ گھر کے باہر پڑوسی کے چنگچی رکشے میں سو رہا تھا کہ نامعلوم افراد نے سر میں ایک گولی مار کر ہلاک کر دیا۔

مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 10عمر بلوچ محلہ میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے محمد قیوم اس کا بھائی28 سالہ کامران اور بہن30سالہ طیبہ زخمی ہو گئی، اورنگی ٹاؤن نمبر11فاروقی مسجد کے قریب نامعلوم افراد کے جھگڑے کے دوران بغدے کے وار سے وسیم قادری زخمی ہو گیا،مضروب سنی تحریک کا کارکن بتایا جاتا ہے،سہراب گوٹھ کے علاقے روٹ نمبر4/L بس کے آخری اسٹاپ کے قریب 20سالہ جمعہ خان، بلوچ کالونی کے علاقے روٹU-8منی بس کے آخری اسٹاپ کے قریب 5 سالہ آفتاب،مچھر کالونی میں 30 سالہ محمد حسین،بوٹ بیسن چورنگی پر50سالہ سلمان، نمائش چورنگی کے قریب50 سالہ عبد الستار،مارٹن روڈ یوٹیلیٹی اسٹور کے قریب 30سالہ شاکر جبکہ جوڑیا بازار برتن گلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے آصف اور ہاشم زخمی ہو گئے۔

پیر آباد کے علاقے منگھو پیر کنواری کالونی میں 2 بھائیوں میں جھگڑے کے دوران بخت امین کی فائرنگ سے اس کا بڑا بھائی 32 سالہ اورنگ زیب ولد سرمد خان ہلاک ہو گیا، مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی پولیس کے مطابق ملزم موقع سے فرار ہو گیا مقتول منگھو پیر کنواری کالونی کا رہائشی تھا۔ کھارادر کے علاقے کاغذی بازار میں 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان کی فائرنگ کر کے متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ انچارج فضل کو شدید زخمی کر دیا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں سول اسپتال لایا گیا واقعہ کے بعد علاقے میں اشتعال اور کشیدگی پھیل گئی جبکہ اس موقع پر نامعلوم افراد کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی جس کے باعث کھارادر میں قائم ہوٹلز اور دیگر دکانیں و کاروبار بند ہوگیا ۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ ان کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے اور وہ واردات کے بعد لیاری کی جانب ہی فرار ہوئے ہیں ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تاہم رات گئے تک علاقے میں بدستور کشیدگی جاری تھی اور وقفے وقفے سے فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دے رہیں تھیں ، سپرمارکیٹ کے علاقے لیاقت آباد ڈاکخانے کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 35 سالہ گل محمد زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا ، ملیر ہالٹ کے قریب فائرنگ سے علی مراد جبکہ مومن آباد کے علاقے فقیر کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شیر حیات زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں