بیحرمتی کیس میں گرفتار بچی کو تحفظ دیا جائے ایمنسٹی

مقدس اوراق جلانے کے الزام میں12سالہ لڑکی کی گرفتاری پریشان کن ہے، امریکی ترجمان


AFP August 23, 2012
مقدس اوراق جلانے کے الزام میں12سالہ لڑکی کی گرفتاری پریشان کن ہے، امریکی ترجمان، فوٹو : فائل

HYDERABAD: انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ''ایمنسٹی انٹرنیشنل'' نے قرآن کریم کی مبینہ بیحرمتی کے الزام میں گرفتار12سالہ مسیحی لڑکی رمشا کو تحفظ فراہم کرنے اور توہین مذہب قانون میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔ تنظیم کے جنوبی ایشیا کے ڈائریکٹر پولی ٹرسکاٹ نے ایک بیان میں کہا کہ یہ کیس پاکستان میں قانون کی حکمرانی میں توڑ پھوڑ اور توہین مذہب کے ملزموں کو لاحق خطرات کو ظاہر کرتا ہے۔ ایمنسٹی کو کمسن رمشا کی سلامتی کے بارے میں سخت تشویش ہے کیونکہ ماضی قریب میں ایسے مقدمات میں گرفتار کئی افراد کو قتل کردیا گیا۔

پولی ٹرسکاٹ نے کہا کہ توہین مذہب کے قانون میں اصلاحات کے عمل میں مسلسل ناکامی سے یہ واضح پیغام دیا گیا ہے کہ مذہبی جذبات کے دفاع کے تحفظ کی آڑ میں کوئی بھی انتہاپسندانہ قدم اٹھاسکتا ہے۔ دریں اثنا اسلام آباد پولیس کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ گزشتہ جمعرات کو احتجاج کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں پولیس نے150سے زائد مظاہرین کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔

ثنانیوز نے بی بی سی کے حوالے سے بتایا کہ ایف آئی آر میں25 افراد نامزد کئے گئے ہیں جبکہ دیگر ملزموں کو فی الحال نامعلوم قرار دیا گیا ہے۔ اس احتجاج میں پیش پیش ایک شخص عامر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کے گائوں میرا جعفر کے ایک رہائشی نے بی بی سی کو ٹیلیفون پر بتایا کہ عامر مبینہ طور پر لائوڈ سپیکر پر اعلان کرکے لوگوں کو اشتعال دلاتا اور احتجاج کیلئے اکھٹا کرتا رہا۔ یہ شخص میرا جعفر میں ایک جنرل سٹور کا مالک ہے۔

مقامی لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک مقامی امام مسجد بھی لوگوں کو احتجاج کیلئے اکساتا رہا لیکن اسکے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ جمعرات کو سینکڑوں افراد نے مسیحی بچی رمشا کے خلاف کارروائی کیلئے کشمیر ہائی وے پر احتجاج کیا تھا اور تین گھنٹے تک سڑک بند رکھی تھی۔ ثنانیوز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ کا کہنا ہے کہ مبینہ طور پر مقدس اوراق جلانے کے الزام میں12سالہ لڑکی کی گرفتاری کا واقعہ پریشان کن ہے۔ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات ہونی چاہیئے ۔ واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ کمسن رمشا کی گرفتاری سے متعلق صدر آصف زرداری کا بیان خوش آئند ہے۔ حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ نہ صرف اقلیتوں بلکہ خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کا بھی تحفظ کیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں