مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے بے گناہ کشمیریوں کی شہادت کیخلاف ہڑتال

ہڑتال کے دوران سری نگرسمیت وادی کے مختلف شہروں میں کارروباری مراکز،تعلیمی،نجی اورسرکاری ادارے مکمل طورپر بند رہے

کشمیریوں کی جانب سے احتجاجی ریلی اورمظاہروں کو روکنے کیلئے جگہ جگہ بھارتی فوج اور دیگرسیکیورٹی اہلکارتعینات کئےگئے تھے فوٹو: اے ایف پی

مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ روزقابض بھارتی فوج کی وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں 4 کشمیریوں کی شہادت کے خلاف آج پوری وادی میں ہڑتال کی گئی جس کے دوران تمام کاروباری مراکز، بینکس، تعلیمی ، نجی اور سرکاری ادارے بند رہے۔

حریت رہنما سید علی گیلانی کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر میں بےگناہ کشمیریوں کی شہادت کے خلاف ہڑتال کی گئی، اس موقع پر سری نگرسمیت وادی کے مختلف شہروں میں کارروباری مراکز،تعلیمی،نجی اورسرکاری ادارے مکمل طور پر بند رہے اور سڑکوں سے ٹریفک بھی غائب رہی، کشمیریوں کی جانب سے کسی بھی قسم کی احتجاجی ریلی اور مظاہروں کو روکنے کے لئے جگہ جگہ بھارتی فوج اوردیگر سیکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔


ہڑتال کے موقع پر قابض بھارتی فوج نے پوری حريت قيادت كو گھروں ميں نظربند كر ديا جب كہ جموں و كشمير لبريشن فرنٹ كے چيئرمين محمد ياسين ملک كوٹھی باغ پوليس اسٹيشن اور كل جماعتی حريت كانفرنس كے سينئررہنما شبير احمد شاہ کو صدر پوليس اسٹيشن سری نگر ميں نظربند کیا گیا۔


دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی وزیراعلیٰ عمرعبد اللہ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے بھارتی وزیر داخلہ سشیل کمار شندے سے واقعے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کے روز مقبوضہ کشمیر کے ضلع رام بن میں قابض بھارتی فوج نے مقامی مسجد کے امام کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا، واقعے کے خلاف مقامی افراد نے جب احتجاجی جلوس اور مظاہرہ کیا تو قابض فوج نے ان پر بھی فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر ہی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے، واقعے کی مذمت کرتےہوئے حریت رہنما سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں 3 روزہ ہڑتال کا اعلان کیا تھا۔

Recommended Stories

Load Next Story