رمضان شوگر ملز کیس نیب سے ریفرنس سے متعلق رپورٹ طلب

آئندہ سماعت تک شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر مل کیس میں ریفرنس دائر کر دیا جائے گا، نیب پراسیکیوٹر

آئندہ سماعت تک شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر مل کیس میں ریفرنس دائر کر دیا جائے گا، نیب پراسیکیوٹر

عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کیخلاف رمضان شوگر ملز کیس میں ریفرنس سے متعلق رپورٹ طلب کرلی ۔

احتساب عدالت کے جج سید نجم الحسن نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس پر سماعت کی۔ نیب پراسیکیویٹر وارث علی جنجوعہ اور شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ رمضان شوگر ملز میں عوامی خزانے کے استعمال کے معاملے پر دائر کیا جانے والا ریفرنس چئیرمین نیب کو منظوری کے لئے بھجوا دیا ہے، توقع ہے کہ آئندہ سماعت تک شہباز شریف کے خلاف رمضان شوگر مل کیس میں ریفرنس دائر کر دیا جائے گا۔


شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث پیش نہیں ہوئے اس موقع کر کوٹ لکھپت جیل حکام کی جانب سے شہباز شریف کے اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے جاری کئے گئے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈرز بھی عدالت میں پیش کئے۔

عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس سے متعلق 15 روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس پر سماعت سات فروری تک ملتوی کردی۔ نیب پراسیکیوٹر کے مطابق شہباز شریف پر رمضان شوگر ملز کے لئے سرکاری خزانے سے نالہ اور پل بنانے کا الزام ہے جب کہ ملزم نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔
Load Next Story