سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواست پر بنچ تشکیل

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں بنچ 4 فروری کو درخواست کی سماعت کرے گا


ویب ڈیسک January 24, 2019
سانحہ ساہیوال کی مکمل انکوائری کے لیے 30 دن درکار ہیں، آٸی جی پنجاب فوٹو: فائل

سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کے لیے دائر درخواستوں پر نیا بنچ تشکیل دے دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار شمیم احمد خان کی سربراہی میں بنچ 4 فروری کودرخواست کی سماعت کرے گا، بنچ کے دوسرے رکن جسٹس صداقت علی خان ہوں گے۔

ہائی کورٹ نے سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کرانے کی درخواست پر تحریری آرڈر بھی جاری کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سانحہ ساہیوال کی جے آئی ٹی کے سربراہ ریکارڈ سمیت طلب

قبل ازیں جوڈیشل انکوائری سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی سے استفسار کیا تھا کہ آئی جی صاحب یہ بڑے ظلم کی بات ہے، پولیس کو کیسے اختیار ہے کہ وہ سیدھی گولیاں چلائے؟ جس پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ گولیاں چلانے والوں کو گرفتار کرلیا گیا ہےاور سی ٹی ڈی کے افسران کو بھی معطل کردیا ہے۔

عدالت نے حکم دیا کہ صوبے بھر میں مستقبل میں ایسا واقعہ دوبارہ رونما نہیں ہونا چاہیے، تمام آر پی اوز کو یہ حکم جاری کردیے جائیں جب کہ عدالت نے آئی جی پنجاب اور سربراہ جے آئی ٹی کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں ریکارڈ سمیت پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں