رمضان کرکٹ نیشنل بینک سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر

بارش کی نذر ہونے والے میچ میں بیٹنگ کا موقع نہ ملا،سوئی ناردرن کے14اوورز میں145رنز،اظہر علی نے72کی طوفانی اننگزکھیلی۔


Sports Reporter July 20, 2013
بارش کی نذر ہونے والے میچ میں بیٹنگ کا موقع نہ ملا،سوئی ناردرن کے14اوورز میں145رنز،اظہر علی نے72کی طوفانی اننگزکھیلی، علی وقاص نے بھی ففٹی بنائی۔ فوٹو: فائل

پی سی بی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سوئی ناردرن گیس سے میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد نیشنل بینک کی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی۔

نامکمل رہنے والے مقابلے سے دونوں ٹیموں نے 1،1پوائنٹ حاصل کیا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں گذشتہ شب گروپ بی کے میچ کو خراب موسم کی بنا پر مختصر کر کے 14 اوورز فی اننگز تک محدود کیا گیا، اظہر علی نے72رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، علی وقاص نے بھی نصف سنچری بنائی،نیشنل بینک کو بیٹنگ کا موقع نہ مل سکا،3 میں سے 2 میچز میں ناکامی کا سامنا کر نے والی ٹیم بقیہ میچز بحالی ساکھ کیلیے کھیلے گی۔

تفصیلات کے مطابق موسم کی خرابی کے سبب مختصر کیے جانے والے میچ میں سوئی ناردرن گیس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 14 اوورز میں2 وکٹ پر145 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا،27کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گری جب تیسرے اوور میں توفیق عمر نے حماد اعظم کی گیند پر فیصل طاہر کو کیچ تھما دیا، انھوں نے12 رنز اپنے نام کیے جس میں2 چوکے بھی شامل تھے،بعد ازاں اظہر علی اورعلی وقاص نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 112 رنز کا اضافہ کیا۔



آخری اوور کی چوتھی گیند پر139کے مجموعی اسکورپراظہر علی نے وکٹ گنوا دی، انھوں نے 39 گیندوں پر 72 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی،2چھکے اور9 چوکے لگانے والے بیٹسمین کا عثمان قادر نے اپنی ہی گیند پرکیچ لیا، علی وقاص نے ایک چھکے اور7چوکوں کی مدد سے 37 گیندوں پر ناقابل شکست57 رنز بنائے،عمران خالد کسی گیند کا سامنا کیے بغیر ناٹ آؤٹ رہے،حماد اعظم اور عثمان قادر کے ہاتھ 1،1وکٹ لگی۔

این بی پی کی اننگز کے آغاز سے قبل ہی بارش شروع ہو گئی، گراؤنڈ اسٹاف نے فوری طور پر دوبارہ وکٹ کو ڈھانپ دیا، بعد ازاں میچ ریفری ریاض احمد اورآفتاب جیلانی نے باہمی مشاورت سے مقابلہ جاری نہ رکھنے کا اعلان کیا،یوں دونوں ٹیموں کو1،1پوائنٹ مل گیا،گروپ بی میں پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیم تینوں میچز جیتنے کے بعد6 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے،این بی پی کو3میں 2میچز میں ناکامی کے بعد محض ایک پوائنٹ مل سکا،2 میں سے1،1 میچ جیت کر 2،2پوائنٹس حاصل کرنے والی زیڈ ٹی بی ایل اور کے آر ایل کی ٹیمیں گروپ میں دوسری پوزیشن کے لیے ہفتے کوصف آرا ہوں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |