بھارت میں مقیم پاکستانی خاتون وطن واپسی کی منتظر

کبریٰ گیلانی کئی ماہ سے بھارتی وزارت داخلہ کے دفاترکے چکرکاٹ رہی ہے لیکن اسے کلیئرنس نہیں دی جارہی


آصف محمود January 25, 2019
کبریٰ گیلانی واپس پاکستان آنا چاہتی ہے لیکن بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے اسے کلیئرنس نہیں دی جارہی فوٹونمائندہ ایکسپریس

بھارت میں مقیم پاکستانی خاتون کبریٰ گیلانی وطن واپسی کی منتظر ہےتاہم بھارتی حکام کی جانب سے اسے کلیئرنس نہیں دی جارہی۔

بھارت میں مقیم پاکستانی خاتون کبریٰ گیلانی کو وطن واپس آنے کےلئے بھارتی حکام کی طرف سے اجازت نہیں دی جارہی ہے، کبری گیلانی اپنے شوہرسے علیحدگی کے بعد واپس پاکستان آنا چاہتی ہے لیکن بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے اسے کلیئرنس نہیں دی جارہی ہے۔



مظفرآباد کی تحصیل ڈومیل کی رہائشی کبریٰ گیلانی کی 25 مارچ 2010 میں مقبوضہ کشمیرکے رہائشی محمدالطاف سے شادی ہوئی تھی ، دونوں میاں بیوی ہنسی خوشی زندگی گزاررہے تھے تاہم شادی کے 8 سال بعد بھی اولادنہ ہونے کی وجہ سے دونوں میں دوریاں پیدا ہوگئیں اوربالاخر نومبر 2018 میں دونوں میں طلاق ہوگئی۔



طلاق کے بعد کبریٰ گیلانی نے واپس پاکستان آنے کے لئے پاکستانی سفارتخانے سے اپنا نیا پاسپورٹ حاصل کیا لیکن اب بھارتی حکومت اسے واپس آنے کی اجازت نہیں دے رہی ہے، پاکستانی خاتون کئی ماہ سے بھارتی وزارت داخلہ کے دفاترکے چکرکاٹ رہی ہے لیکن اسے بغیرکوئی وجہ بتائے کلیئرنس نہیں دی جارہی ہے۔ کبریٰ گیلانی کے مطابق وہ لوگوں کے گھروں میں کام کاج کرکے اپنا پیٹ پال رہی ہیں اور واپس پاکستان آنے کی کوشش کررہی ہیں، انہوں نے پاکستانی حکام سے اپیل کی ہے کہ اس حوالے سے بھارتی حکام سے بات کی جائے اوراس کی پاکستان واپسی کو ممکن بنایا جائے۔



مظفرآبادڈومیل میں موجود کبریٰ گیلانی کے خاندان اوربوڑھی والدہ کو بھی اپنی بیٹی کی وطن واپسی کا انتظارہے ، انہوں نے انسانی حقوق کی تنظیموں سے تعاون اورمددکی اپیل کی ہے تاکہ ان کی بیٹی وطن واپس آسکے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں