سینئر صحافی اور کے یو جے کے سابق صدرشمیم الرحمن انتقال کرگئے

صدر زرداری ، قائم علی شاہ ، کے یوجے کے صدرجی ایم جمالی سمیت دیگرکا اظہار تعزیت


Staff Reporter August 23, 2012
سینئر صحافی شمیم الرحمن کی نماز جنازہ گلستان جوہر میں ادا کی جارہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر ،سینئر صحافی و تجزیہ نگار شمیم الرحمٰن مختصر علالت کے بعد منگل کو انتقال کر گئے ، ان کو گلستان جوہر کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا ، صدر آصف علی زرداری ، وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، کے یو جے کے صدر جی ایم جمالی سمیت مختلف صحافیوں ، سیاسی رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ زندگی کے تعلق رکھنے والے افراد نے شمیم الرحمن کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ و رنج کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

شمیم الرحمن کا شمار ملک کے اہم ترین ان صحافیوں میں ہوتا تھا جنھوں نے اپنی پوری زندگی صحافت کے پیشہ کے لیے وقف کردی وہ 40 برس سے زائد صحافت کے شعبے سے منسلک رہے ، وہ عارضہ کینسر میں مبتلا تھے ، ان کی نماز جنازہ ان کی رہائش گاہ واقع شمیل آرکیڈ کے باہر سڑک پر میں ادا کی گئی جس میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سینیٹر میاں رضا ربانی ، سینیٹر سعید غنی ، راشد ربانی ، وقار مہدی ، صدیق ابو بھائی ، ایم کیو ایم کے رہنما صوبائی وزیر رضا ہارون ، جماعت اسلامی کے امیر منور حسن ، پی ایف یو جے کے سیکریٹری جنرل امین یوسف ، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر جی ایم جمالی ، سینئرصحافی، مظہر عباس ، حسن عباس ، حبیب جنیدی ، لطیف مغل سمیت صحافیوں اور عزیز و اقارب کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔

وہ انگریزی روزنامے سے منسلک رہے جبکہ اس سے قبل وہ اے ایف پی اور پی ٹی وی سمیت متعدد اداروں کے لیے خدمات سرانجام دی چکے ہیں ، صدر آصف علی زردای نے شمیم الرحمٰن کے انتقال پر اپنے شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے، ایوان صدر سے جاری کردہ اپنے بیان میں صدر نے کہا کہ شمیم الرحمٰن ایک باہمت صحافی تھے جنھوں نے صحافت کے شعبے کے لیے گرانقدر خدمات سرانجام دیں ۔

انھوں نے اﷲ تبارک و تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم شمیم الرحمٰن کی روح کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے ۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ، وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن ، مکیش کمار چاولہ ، رفیق انجینئر ، پیر مظہرالحق ، جام مہتاب ڈہر ، رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری ، منور حسن ، صوبائی مشیر حلیم عادل شیخ ، وقار مہدی ، راشد ربانی ، صدیق ابو بھائی ، مختلف سیاسی ، سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کراچی یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر اور سینئر صحافی شمیم الرحمٰن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ھے ۔ انھوں نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر و جمیل کی دعا کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم کی صحافت کے میدان میں کی گئی خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں