شمالی وزیرستان آپریشن کیلئے دبائو ہے فیصلہ ملکی مفاد میں کرینگے گورنر خیبرپختونخوا

ہم اپنےحالات اورملکی مفاد کومد نظررکھتے ہوئے ہی آپریشن شروع کریں گےاوراس کےلیےکسی کو ہمیں ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں۔


Numainda Express August 23, 2012
3 سالوں سے صوبائیت کو ہوا نہیں ملی ‘ جہاں چاند نظر آیا وہاں عید کی گئی ‘میڈیا سے گفتگو ‘ ایل آر ایچ میں مریضوں کی عیادت کی. فوٹو: ایکسپرس

PESHAWAR: گورنر خیبرپختونخوا بیرسٹر مسعود کوثر نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کے لیے افواج پاکستان کی تیاریاں مکمل ہیں اور جب بھی سیاسی قیادت نے آپریشن کا فیصلہ کیا آپریشن شروع کردیاجائیگا ، وہ لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں عید کے موقع مریضوں کی عیادت کے دوران میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کی ڈکٹیشن پر آپریشن نہیں کرسکتے جو بھی فیصلہ ہوگا وہ ملکی مفاد ہی میں کیاجائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں ،انہوں نے کہا کہ ہماری سیکورٹی فورسز نے قبائلی علاقہ جات اور بندو بستی علاقوں میں جہاں پر بھی ضرورت پڑی عسکریت پسندی کا قلع قمع کرنے کیلیے کارروائیاں کیں تاہم یہ کارروائیاں ہم نے خود اپنے حالات کے مطابق کیں اور اب شمالی وزیرستان جس کے حوالے سے امریکا کا دبائو ہے کہ وہاں پر فوری طور پر کارروائی شروع کی جائے ،وہاں پر بھی ہم اپنے حالات اور ملکی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے ہی آپریشن شروع کریں گے اوراس کے لیے کسی کو ہمیں ڈکٹیشن دینے کی ضرورت نہیں نہ ہی ہم کسی کی ڈکٹیشن قبول کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ تین عیدوں کی وجہ سے صوبائیت کو ہوا ملکی ، جہاں ،جہاں چاند نظر آیا وہاں پر عید کی گئی اس معاملہ کو متنازعہ نہیں بنانا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں علماء کرام نے چاند دیکھا اور عید کی اس میں کوئی بری بات نہیں ہے ۔اس موقع پر گورنر نے ہسپتال می مریضوں کی عیادت کی جبکہ مریضوں اور ان کے لواحقین نے اپنے درمیان گورنر کو پاکر ان کے سامنے شکایات کے انبار لگادیئے جن کے حوالے سے گورنر نے موقع پر ہدایات جاری کیں کہ مسائل کو حل کیاجائے۔

مزید برآںسنٹرل جیل کے معائنے کے دوران گورنر نے خواتین قیدیوں سے بھی ملاقات کی، ان کے مسائل اور کیسز کے حوالے سے گفتگو کی اور انہیں جلد حل کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے بعض قیدیوں کی عرضداشت نوٹ کرتے ہوئے جیل حکام کو تاکید کی کہ وہ ان کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کریں اور یقین دلا یا کہ وہ ان کے معاملات کاجائزہ لیکر ضروری اقدامات اٹھا ئیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں