اگر اپوزیشن لیڈر اسمبلی میں نہیں آئے گا تو وزیراعظم کوبھی نہیں آنے دیں گے ن لیگ

وزیراعظم گالیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اگر انہوں نے پارلیمنٹ میں یہ ماحول رکھنا ہے تو ہم بھی تیار ہیں، خواجہ آصف


ویب ڈیسک January 25, 2019
وزیراعظم کی غیر حاضری پر تلاش گمشدہ کا اشتہار دینے کا سوچ رہے تھے، خواجہ آصف - فوٹو: اسکرین گریپ

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اگر قائد حزب اختلاف اسمبلی میں نہیں آئے گا تو پھر قائد ایوان بھی نہیں آئے گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رہنماؤں شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف اور مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کو منسوخ کرنے کے بیان کو کھلم کھلا دھمکی قرار دیا۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی نعیم الحق نے اپنی ٹویٹس میں دھمکی دی، ہم یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانا چاہتے تھے لیکن اسپیکر کی جانب سے اجازت نہیں ملی، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں اگر اپوزیشن لیڈر اسمبلی میں نہیں آئے گا تو وزیراعظم بھی ایوان میں نہیں آئیں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم گالیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور عمران خان قومی اسمبلی کی ہتک کر رہے ہیں،یہ کہتے ہیں کہ گالی دو اور مشہور ہوجاؤ اگر انہوں نے پارلیمنٹ میں یہ ماحول رکھنا ہے تو ہم بھی تیار ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جائیدادیں نکلنا شروع ہو گئی ہیں اب انہیں منی ٹریل بھی دینا پڑے گی جب کہ وزیراعظم 6 ماہ بعد اسمبلی میں آئے اور ناراض ہو کرچلے گئے حالانکہ ہم وزیراعظم کی مسلسل غیر حاضری پر تلاش گمشدہ کا اشتہار دینے کا سوچ رہے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں