کورنگی میں اسکول وین میں آگ لگنے سے بچی اور ڈرائیور جھلس گئے

آگ شارٹ سرکٹ سے لگی، ٹریفک پولیس اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر وین میں سوار بچوں کو بحفاظت باہر نکالا۔


Staff Reporter January 26, 2019
وین میں سی این جی یا ایل پی جی سلنڈر نصب نہیں تھا، بچی اور ڈرائیور معمولی زخمی ہوئے، ایس ایچ او کورنگی۔ فوٹو: فائل

کورنگی میں اسکول وین میں آتشزدگی سے کمسن بچی اور ڈرائیورجھلس گئے جنھیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جمعہ کے روز کورنگی نمبر 4 سیکٹر 35 اے کلو اسٹاپ مریم کلنک کے قریب اسکول وین سوزوکی ہائی روف رجسٹریشن نمبرسی پی 8773 میں اچانگ آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کر لی، اسکول وین میں موجود 10 بچوں کوفوری طور پراسکول وین سے نکال کرمحفوظ مقام پرمنتقل کردیا گیا جبکہ موقع پر موجود علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت وین میں لگنے والی آگ پرقابوپا لیا۔

آتشزدگی کے باعث اسکول وین کوشدید نقصان پہنچا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی جبکہ بڑی تعداد میں علاقہ مکین بھی جمع ہو گئے۔

ایس ایچ او کورنگی عنایت اللہ مروت نے بتایاکہ اسکول وین کے ڈرائیورنے سیکٹر35 اے زمان ٹاؤن میں واقع نجی اسکول کی چھٹی ہونے کے بعد بچوں کواسکول سے اٹھایا تھا اوربچوں کو گھروں پر چھوڑرہا تھا کہ مریم کلنک کے قریب اچانک اسکول وین میں آگ بھڑک اٹھی، اسی دوران قریب ہی موجود پولیس موبائل بھی موقع پر پہنچ گئی جبکہ ٹریفک پولیس اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے اور فوری طور پر اسکول وین میں سوار بچوں کو وین سے بحفاظت نکالنے کے بعد محفوط مقام پر منتقل کیا۔

ایس ایچ اوکانے مزید بتایا کہ اسکول وین میں آتشزدگی کے باعث 7 سالہ بچی تصبح اوراسکول وین کا ڈرائیورشعیب معمولی زخمی ہوئے جنھیں فوری طور پراسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دیگر بچوں کو ان کے گھر بھیج دیا گیا ہے، اسکول وین میں سی این جی یا ایل پی جی سلنڈر نصب نہیں تھا اسکول وین پٹرول پر چلائی جارہی تھی اور اسکول وین میں آتشزدگی کا واقعہ شارٹ سرکٹ کا نتجہ ہے بعدازاں پولیس نے اسکول وین کو تھانے منتقل کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔