تحریک انصاف نے پنجاب میں مجوزہ بلدیاتی نظام مسترد کردیا

نئے بلدیاتی نظام میں شہری اور دیہی علاقوں کیلئے الگ الگ نظام کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،میاں محمودالرشید


ویب ڈیسک July 20, 2013
مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت کے آرٹیکل 10میں یہ اعلان کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے، میاں محمود الرشید فوٹو : فائل

تحریک انصاف نے پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے نئے مجوزہ بلیاتی نظام کو یکسر مسترد کردیاہے۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور تحریک انصاف کے رہنما میاں محمود الرشید نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ میئر، ضلع اور تحصیل چیئرمین کا انتخاب غیر جماعتی بنیادوں پر کروانا بدعنوانی کو فروغ دینے کے مترادف ہے، پنجاب میں نئے بلدیاتی نظام میں امن وامان کی صورتحال کے اختیارات ڈی پی اوز اور ڈی سی اوز کو دئیے گئے ہیں جس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ حکومت منتخب بلدیاتی نمائندوں کی بجائے بیوروکریسی پر انحصار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی نے میثاق جمہوریت کے آرٹیکل 10میں یہ اعلان کیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر ہوں گے لیکن اب نہ صرف اس شق کی نفی کی جا رہی ہے بلکہ حکومت کے قیام کے 90دن بعد بلدیاتی انتخابات بھی نہیں کروائے جا رہے۔

میاں محمود الرشید نے کہا کہ حکومت نئے بلدیاتی نظام میں شہروں اور دیہاتوں کے لئے الگ الگ نظام متعارف کروانا چاہتی ہے جو شہروں اور دیہاتوں کی تقسیم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام میں یہ بات بھی 100 فیصد ثابت ہو رہی ہے کہ حکومت اپنی ہی ڈکٹیٹر شپ قائم رکھنا چاہتی ہے اور نچلی سطح پر بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہیں دئیے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس بلدیاتی نظام کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں اور اس کے خلاف پنجاب اسمبلی میں شدید احتجاج کیا جائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ عدلیہ سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ حکمرانوں کو غیر آئینی اقدام سے روکے ۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے کہا کہ لاہور میں بارش نے حکمرانوں کے تمام دعوؤں کی نفی کر دی ہے اور ماضی کی طرح اب بھی حکمران بارش کے بعد پانی میں تصویریں بنوا کرعوام کو بیوقوف بناتے ہیں، لیکن اب وقت بدل چکا ہے عوام عملی اقدامات چاہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں