
ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنے وکیل خواجہ حارث کی وساطت سے العزیزیہ ریفرنس میں ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں متفرق درخواست دائر کرائی تھی۔ جس میں چیئرمین نیب ،جج احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل لاہور کو فریق بنایا گیا تھا۔ نوازشریف نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ انہیں عارضہ قلب لاحق ہے، اس لئے طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی جائے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے نواز شریف کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کردی ہے، جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈویژن بنچ 28 جنوری کو درخواست پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال کی سزا سنائی گئی ہے، سزا کے خلاف انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع بھی کررکھا ہے اور وہ اس وقت لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں ہیں۔ گزشتہ ہفتے ان کا لاہور ہی میں تفصیلی معائنہ بھی کیا گیا تھا۔
تبصرے
ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔