آصف زرداری کو اللہ کے سوا کوئی نہیں بچاسکتا شیخ رشید

شہباز شریف کو پی اے سی کا چیرمین بنانے والے خمیازہ بھگتیں گے اور ساری عمر پچھتائیں گے، وزیر ریلوے


ویب ڈیسک January 26, 2019
چیف جسٹس مقدمات کی پنڈی سے لاہور منتقلی کا نوٹس لیں، وزیر ریلوے فوٹو:فائل

وفاقی وزیر ریلوے اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف زرداری کو اللہ کے سوا کوئی نہیں بچاسکتا جب کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیرمین بنانا حکومت کی بہت بڑی غلطی ہے۔

کراچی میں نجی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ ہونے جارہا تھا لیکن پی ٹی آئی نے حکومت میں آکر اسے سنبھالا، سعودی فرمانروا کے آنے پر ایسی سرمایہ کاری ہوگی سب حیران رہ جائیں گے، قرض کے حصول کے لیے آئی ایم ایف کی سخت شرائط میں کمی کروانے کی کوشش کررہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار جعلی شماریات کے ماہر تھے، انہوں نے آئی ایف ایم اور ورلڈ بینک کو جعلی کاغذات دیے تھے، انہوں نے ایک ایک ریلوے اسٹیشن پر اربوں روپے ڈبو دیے۔

شہباز شریف کو چیرمین پی اے سی بنانا بہت بڑی غلطی

شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف کو پی اے سی کا چیرمین بنانا بہت بڑی غلطی ہے، اس معاملے پر میں سپریم کورٹ جارہا ہوں، دودھ کی رکھوالی پر بلے کو بٹھادیا، پروٹوکول کے ساتھ وہ اسلام آباد میں گھوم رہے ہیں، جن لوگوں نے یہ غلط مشورہ دیا، وہ اب بھگتیں گے اور ساری عمر پچھتائیں گے۔

یہ مشورہ دینے والے لوگوں کا نام بتانے کے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ میں نے ادھر ہی رہنا ہے، جہاں میرے پر جلتے ہیں وہاں میں احتیاط کرتا ہوں، میں دوبارہ کہوں گا کہ شہباز شریف کو پی اے سی چیرمین بنانا بلنڈر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب کسی کو دانت میں درد شروع ہوجائے تو سمجھ جائیں کہ اس کی کیا خواہش ہے، لیکن عمران خان کے پاس این آر او کی کوئی گنجائش نہیں۔

چیرمین نیب کارروائی تیز کریں

شیخ رشید نے کہا کہ چیرمین نیب جاوید اقبال سے درخواست کرتا ہوں کہ وائٹ کالم کرائم کے خلاف کارروائی تیز کریں، کرپشن کیس میں گرفتار ملزم کی جانب سے پارلیمنٹ میں پالیسی بیان دینے کی کوئی مثال نہیں ملتی، شہباز شریف کو پی اے سی چیرمین بنانے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بنتا تھا، پی ٹی آئی سے آخری درخواست ہے کہ عدالت میں کیس لے کر جاؤں گا، اب لاہور کے مقدمے کا انتظار ہے، لیکن یہ لوگ مقدمات منتقل کروالیتے ہیں جس کے خلاف کل چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کو خط لکھوں گا۔

چیف جسٹس مقدمات کی پنڈی سے لاہور منتقلی کا نوٹس لیں

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پاناما کیس میں جسٹس آصف سعید کھوسہ نے بہت گہرائی اور ویژن کا مظاہرہ کیا، ان کے چیف جسٹس بننے کے بعد بہت سارے لوگ اپنے مقدمات راول پنڈی سے لاہور منتقل کررہے ہیں جس میں منشیات کے کیسز بھی شامل ہیں، اپنے مقدمات من پسند جگہوں پر لگوانے کی کوشش کی جارہی ہے جو انصاف کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، چیف جسٹس 'ایک شہر میں اور جبکہ دوسرے شہر میں اور ججز' ہونے کا نوٹس لیں، یہ انہونی بات ہے۔

زرداری صاحب کو اللہ کے سوا کوئی نہیں بچاسکتا

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے الزام کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ انہوں نے ایک سال پہلے خط لکھا تھا، وزیراعلیٰ چاہیں تو میں کے سی آر پر ان کے پاس جانے کو تیار ہوں، حالانکہ میں چوروں اور ڈاکوؤں کے پاس نہیں جانتا، آصف زرداری کا کیس نواز شریف اور شہباز شریف سے ایک لاکھ گنا زیادہ خطرناک ہے، زرداری صاحب کو اللہ کے سوا اب کوئی نہیں بچاسکتا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے الزام لگایا تھا کہ وفاقی حکومت کے سی آر سے متعلق ان کے خط کا جواب نہیں دے رہی۔

کراچی سرکلر ریلوے

شیخ رشید نے مزید کہا کہ کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) کو شہر کے مضافاتی علاقوں تک پہنچائیں گے، یہ منصوبہ پی سی ون میں آچکا ہے، سندھ حکومت اس کا فریم ورک بنائے، ہم اس معاملے پر اس کے ساتھ ہیں، اب بھی کے سی آر نہیں بنی تو قیامت تک نہیں بنے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔