ناکے پر نہ رکنے والی گاڑی پر فائرنگ نہیں ہوگی پنجاب پولیس کو نئی ہدایات

آئندہ آپریشنز اور چھاپے مکمل چھان بین کے بعد مار جائیں تاکہ کسی انسانی جان کا نقصان نہ ہو، مراسلے کا متن

مستقبل میں سانحہ ساہیوال جیسا واقعہ رونما ہونے پر برداشت نہیں کیا جائے گا، مراسلے کا متن۔ فوٹو:فائل

سانحہ ساہیوال کے بعد آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے پولیس کو چھاپوں اور آپریشنزکے لئے نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ ساہیوال کے بعد آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے چھاپوں اور آپریشنزکے لئے نیاحکم نامہ جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دوران آپریشن قوانین اور ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے سانحہ ساہیوال میں قتل ہونے والے چار افراد کے سانحے کے بعد آئی جی پنجاب کو ہدایات جاری کی تھیں، جس میں تنبیہ کی گئی ہے کہ آئندہ آپریشنز اور چھاپے مکمل چھان بین کے بعد مارے جائیں تاکہ کسی انسانی جان کا نقصان نہ ہو، مستقبل میں ایسا واقعہ رونما ہونے پر برداشت نہیں کیا جائے گا بلکہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


ایس پی موبائلز لاہور کی جانب سے پولیس ناکوں پر کھڑے اہلکاروں کے لئے جاری ہدایات کے مطابق ناکے پر نہ رکنے والی گاڑی پر فائرنگ نہیں کی جائے گی بلکہ وائرلیس پیغام چلا کر اسے روکا جائے گا۔

پولیس کو ہدایت کی گئی کہ ناکوں پر صرف مشکوک گاڑی کو روکا جائے، دوران تلاشی کسی قسم کی مزاحمت نہ کی جائے، شہریوں کو غیر ضروری تنگ نہ کیا جائے، دوران ڈیوٹی گاڑیوں کے کاغذات چیک نہ کیے جائیں، مشکوک گاڑیوں اور پیدل جانے والے شخص کی چیکنگ انڈرائیڈ فون سے کی جائے۔

 

 
Load Next Story