کوپرا آرٹ گیلری میں طلباء کے تیار کردہ ملبوسات کی دو روزہ نمائش

مسلم لیگ(ن)کی حکومت شوبز اور فیشن انڈسٹری کی ترقی کے لئے جو ممکن ہوسکا وہ کرے گی، وقار احمد صدیقی


Muhammad Javed Yousuf July 20, 2013
مسلم لیگ(ن)کی حکومت شوبز اور فیشن انڈسٹری کی ترقی کے لئے جو ممکن ہوسکا وہ کرے گی، وقار احمد صدیقی فوٹو : فائل

پاکستان میں فیشن انڈسٹری بہت تیزی سے ترقی کررہی ہے۔ اس بات میں کوئی دو رائے نہیں کہ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے۔

ہمارے باصلاحیت نوجوانوں نے دنیا کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ گزشتہ ایک دہائی کے دوران فیشن انڈسٹری سے وابستہ ڈیزائنرز نے جو کام کیا ہے اُس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔چند دن قبل کوپرا آرٹ گیلری میں مقامی فیشن سکول میں زیر تعلیم مستقبل کے فیشن ڈیزائنرز کے تیار کردہ ملبوسات کی دو روزہ نمائش منعقد ہوئی ۔

اس نمائش کو سکول کے پرنسپل جاوید اور چیف فیشن ٹیچر و فیشن ڈیزائنر شہزاد چندا نے آرگنائز کیا تھا۔ اس نمائش میں زیب ، فاطمہ خان ، عاصمہ بٹ ، روخان اور مہوش سمیت دیگر سٹوڈنٹس کے ڈریسز رکھے گئے تھے۔نمائش کی مہمان خصوصی ایم پی اے شہزادی کبیر اور وقار احمد صدیقی تھے جو نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لئے تشریف لائے اور اُن کے کام کو سراہا۔



اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار احمد صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت شوبز اور فیشن انڈسٹری کی ترقی کے لئے جو ممکن ہوسکا وہ کرے گی۔ ہماری حکومت کو کلچر کے فروغ میں خصوصی دلچسپی ہے۔میں نے نوجوانوں کے تیار کردہ ملبوسات دیکھے ہیں انہوں نے ان کو تیار کرنے میں بہت محنت کی ہے۔ میں ان سے کہوں گا کہ یہ اپنے کام میں مزید نکھار لانے کے لئے زیادہ محنت سے کام کریں۔ مجھے یقین ہے کہ نوجوان فیشن ڈیزائنرز مستقبل میں اپنے کام سے ملک اور قوم کا نام روشن کریں گے۔

ایم پی اے شہزادی کبیر نے کہا کہ انسان میں جنون اور لگن ہو تو وہ زندگی میں ہمیشہ کامیابی حاصل کرتاہے۔مجھے ان نوجوانوں میں جنون اور لگن دونوں نظر آرہے ہیں۔ میری دعا ہے کہ یہ مستقبل میں اپنے وطن اور ادارے دونوں کا نام روشن کریں۔پرنسپل جاوید نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد کا سہرا شہزاد چندا کو جاتا ہے جنہوں نے اس ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لئے دن رات کام کیا۔ شہزادچندا نے کہا میں اپنا ہر کام محنت اور لگن سے انجام دیتا ہوں اور نتیجہ ربّ پر چھوڑ دیتا ہوں۔ میرے خدا نے مجھے ہمیشہ کامیابی سے ہمکنار کیا ہے۔



میرے سٹوڈنٹس نے اپنے کام اور ہُنر سے ثابت کیا ہے کہ اُن کا مستقبل روشن اور شاندار ہے۔میری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔نمائش میں شریک مہمانوں نے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لئے ان کی تیار کردہ ملبوسات بھی خریدیں۔شہزاد چندا نے بتایا کہ آئندہ بڑ ے پیمانے پر نمائش اور فیشن شو کا انعقاد بھی کیا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں