کراچی سٹی میراتھن ریس کی رجسٹریشن شروع ہوگئی

معین، اقبال قاسم اور اصلاح نے عوام سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کردی

معین، اقبال قاسم اور اصلاح نے عوام سے زیادہ تعداد میں شرکت کی اپیل کردی۔ فوٹو: فائل

پچیس سال بعد 3 فروری کو منعقد ہونے والی کمشنر کراچی میراتھن ریس میں شرکا کی رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔

کراچی میراتھن ریس کیلیے کمشنر کراچی کی ویب سائٹ پر میراتھن لنک اپ لوڈ کردیا گیا ہے، خواہشمند افراد کو واٹس اپ کے ذریعے بھی رجسٹریشن کی سہولیت فراہم کی گئی ہے، واٹس اپ کے ذریعے نمبر 03160111712 ہے جبکہ آن لائن رجسٹریشن کے لیے دلچسپی رکھنے والے افراد کمشنرکراچی کی ویب سائٹ پر نام درج کراسکتے ہیں، ویب سائٹ کا لنک یہ ہے۔ commissionerkarachi.gos.pk ، اس کے علاوہ آن اسپاٹ رجسٹریشن بھی کی جائے گی۔

آن اسپاٹ کیلیے معین خان اکیڈمی کے سامنے ڈیسک بنائے جائیں گے جہاں رجسٹریشن صبح آٹھ بجے شروع ہو گی، مختلف شعبوں کی ممتاز شخصیات نے کمشنرکراچی پرامن سٹی میراتھن2019 کے انعقاد کو سراہا ہے اور اس میں شرکت اور اس کی کامیابی کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کیا ہے،کھیلوں کی ممتاز شخصیات نے بھی میراتھن کے انعقاد کا خیر مقدم کیا ہے۔

کر کٹرمعین خان ، اقبال قاسم اور اصلاح الدین نے اس موقع پر کمشنر کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی، انھوں نے کہاکہ طویل عرصے بعد سٹی میراتھن کے انعقادسے شہر میں امن کے فروغ کی کوششوں میں مدد ملے گی ، معین خان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 3 فروری کا دن یاد رکھیں، 3 فروری کو معین خان اکیڈمی سے میراتھن شروع ہوکر اسی مقام پر ختم ہوگی۔


انھوں نے کہا کہ یہ کمشنرکراچی کی مثبت کوشش ہے، انھوں نے تما م طبقہ ہائے زندگی کے لوگوں سے کہا کہ وہ اس میراتھن کو کامیاب بنائیں۔ انھوں نے کہا کہ شہر میں جس طرح امن قائم ہوا ہے اس کے استحکام کے لیے یہ اچھی کوشش ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ 3 فروری کے دن کو یا درکھیں زیادہ سے زیادہ لوگ شریک ہوں اور کراچی سے تعلق کااظہارکرسکیں۔

اقبال قاسم نے کہا کہ کمشنر کراچی کی جانب سے ایک اچھی کوشش ہے، میری لوگوں سے درخواست ہے کہ وہ میراتھن میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ لوگوں کو پتہ چلے کہ کراچی پرامن لوگوں کا شہر ہے۔

سابق ہاکی اولمپئن اصلاح الدین نے کہا سٹی کراچی میراتھن کراچی میں بہت عرصہ کے بعد ہورہی ہے۔ کراچی امن پسند لوگوں کا شہر ہے کراچی کی رونق بحال ہے حکومت سندھ اورکمشنر کراچی اس کا انعقاد کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہر عمر کے لوگ ریس میں حصہ لے سکتے ہیں،کراچی پر رونق شہرہے اسے مزید پررونق بنائیں۔ آپ کی آمد سے شہر کی رونق بڑھے گی۔ میراتھن میں ملک کے ہیروز شر کت کر رہے ہیں کرکٹ ، ہاکی، فٹبال ، اسکواش، اور دیگر کھیلوں کے ممتاز کھلاڑی اورفن وآرٹ کی دنیا کی ممتازشخصیات اس میں شرکت کریں گی۔

 
Load Next Story