یونس خان کو کراچی میں کرکٹ اکیڈمی کیلیے جگہ مل گئی

کارساز میں واگزارکیے جانے والے گراؤنڈکی بحالی کا آغاز،ایک ماہ میں تیار ہو گا


Sports Reporter January 27, 2019
سابق اسٹار نے پلیئرزکوتربیت دینے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا عزم ظاہر کر دیا۔ فوٹو: فائل

سابق ٹیسٹ کپتان یونس خان کوکراچی میں کرکٹ اکیڈمی کے لیے جگہ مل گی۔

سابق اسٹارنے کھلاڑیوں کو تربیت دینے اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کا عزم ظاہر کردیا، کارساز کے علاقے میں کے ڈی اے کی جانب سے واگزار کرائے گئے کرکٹ گراؤنڈ کی بحالی کاآغازکردیا گیا ہے۔

2008 میں کھیلوں کی معروف شخصیت ڈاکٹر محمد علی شاہ مرحوم کو گراؤنڈ بنانے کیلیے مذکورہ میدان دیا گیا تھا تاہم ان کے دنیا سے رخصت ہوجانے کے بعد گراؤنڈ کا کام تعطل کا شکار تھا، ڈاکٹر شاہ کے صاحبزادے ڈاکٹرجنید علی شاہ نے گراؤنڈ پر دوبارہ کام کا آغازکردیا، ہفتے کوسابق کپتان یونس خان نے گراؤنڈ کا دورہ کیا، اس موقع پرکے ڈی اے کے ڈائریکٹرجنرل سمیع صدیقی، ڈاکٹر جنید علی شاہ، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے گلفراز احمد خان و دیگر بھی موجود تھے۔

کرکٹ گراؤنڈ کا کام مکمل ہونے کے بعد یونس خان کے نام سے اکیڈمی بنائی جائے گی، ایک ماہ بعد گراؤنڈ تیار ہوجائے گا اور ایک سال میں یہاں اسپورٹس کمپلیکس بھی تیار ہوجائیگا۔

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے مایہ ناز بیٹسمین یونس خان نے ڈاکٹرمحمد علی شاہ کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے کراچی میں کھیلوں اور خاص طور پر کرکٹ کے فروغ میں اہم کردارادا کیا،اب وقت آگیا ہے کہ روشنیوں کے شہرکراچی کی رونقیں بحال کی جائیں، نواجوانوں کے لیے مثبت سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔

انھوں نے مزید کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ شہر میں قبضہ کیے جانے والے کھیلوں کے میدانوں کو واگزارکرایا جارہا ہے،اس ضمن میں سمیع صدیقی اور ڈاکٹر جنید علی شاہ کی کاوشیں قابل قدر ہیں۔

یونس خان نے کہا کہ اکیڈمی بناکرخود چلاؤں گا،کراچی میں اچھی کرکٹ اکیڈمیز کی کمی ہے، ڈی جی کے ڈی اے سمیع صدیقی نے گراونڈ یونس خان کے نام منسوب کرتے ہوئے ان کو ادارے کا اسپورٹس ایڈوائزر بھی مقرر کرنے کا اعلان کیا، انھوں نے کہا کہ یونس خان کے ڈی اے کے خالی اوربنجرگراؤنڈ کوآباد کریں۔

ڈاکٹر جنید علی شاہ کا کہنا تھا کہ یونس خان کی اکیڈمی کا قیام شہر کے لیے ایک بہترین تحفہ ہے،گراؤنڈ کو جدید خطوط پر تعمیر کراکر بہترین سہولیات کی فراہمی کو ممکن بنایا جائیگا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں