ویمنزٹینس پر ناؤمی اوساکا کی حکمرانی قائم ہوگئی

آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پیٹراکیوٹوا کو شکست دے کرنمبر ون پوزیشن پالی

مینزٹائٹل پرقبضے کیلیے عالمی ہیوی ویٹس جوکووک اور رافیل نڈال کا آج ٹکراؤ۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
ویمنز ٹینس پر ناؤمی اوساکا کی حکمرانی قائم ہوگئی، انھوں نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں پیٹراکیوٹوا کو شکست دے کر ٹائٹل کے ساتھ ورلڈ رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن بھی حاصل کرلی۔

جاپان کی ناؤمی اوساکا جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا کو 2 گھنٹے اور 27 منٹ تک جاری رہنے والے فائنل میں شکست دے کر آسٹریلین اوپن کی نئی چیمپئن بن گئیں، اس کے ساتھ ہی انھیں ویمنز سنگلز رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن بھی مل گئی،وہ ورلڈ ٹاپ رینکنگ پانے والی ایشیا کی پہلی (مرد یا خاتون) کھلاڑی ہیں۔ ایونٹ میں 4 سیڈنگ پانے والی جاپانی اسٹار نے گزشتہ برس کا اختتام گرینڈ سلم یو ایس اوپن بھی اپنے نام کیا تھا۔

اوساکا مقابلہ جیتتے ہی خوشیاں مناتے ہوئے ایک گھٹنے کے بل بیٹھیں اور سر جھکا دیا، وہ مارٹینا ہینگز (1998) کے بعد مسلسل 2گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے والی کم عمر پلیئر ہیں۔ ادھر مینز ٹائٹل پر قبضے کیلیے اتوار کو سرب اسٹار نووک جوکووک اور اسپینش پلیئر رافیل نڈال پرانی دشمنی کی نئی چنگاری بھڑکائیں گے۔


دونوں مشترکہ طور پر 31 گرینڈ سلم جیت چکے اور اب ان میں ایک آسٹریلین ٹرافی اپنے ساتھ لے جائے گا۔ اگر 31 سالہ جوکووک فاتح رہے تو یہ ان کی میلبورن میں جیتی گئی ریکارڈ ساتویں ٹرافی ہوگی۔

دوسری جانب اگر 32 سالہ نڈال کامیاب ہوئے تو پھر وہ اوپن ایرا میں دوسری مرتبہ تمام 4 گرینڈ سلم جیتنے والے پہلے پلیئر بن جائیں گے، اس سے قبل نڈال2009 میں بھی آسٹریلین اوپن جیت چکے ہیں۔

 
Load Next Story