قادر گیلانی نے میرے سامنے کسی سے پیسے نہیں لیے حامد کاظمی

تفتیشی اداروں نے میرے خلاف زمین آسمان ایک کردیا لیکن وہ میرے اوپر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں کرسکے،حامد کاظمی۔


Numainda Express August 23, 2012
ادارے خود شفاف تحقیقات کریں،میرے ساتھ زیادتی ہوئی،انصاف کی توقع نہیں. فوٹو: فائل

سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے کہا ہے کہ میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، موجودہ حالات میں مجھے انصاف کی توقع نہیں، علمائے کرام کی ناانصافی کے باعث ملک میں حالات خراب ہورہے ہیں۔ دہشت گردوں نے کامرہ ائیر بیس پر حملہ کرکے تاثر دیا ہے کہ پاکستان کے اثاثے غیر محفوظ ہیں اور سازش کے تحت بین الاقوامی فوج پاکستان میں اتاری جاسکتی ہے۔

پیرول پر رہائی کے بعد شاہی مسجد عید گاہ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تفتیشی اداروں نے میرے خلاف زمین آسمان ایک کردیا لیکن وہ میرے اوپر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں کرسکے۔ میری گرفتاری سے ایک ماہ قبل میری بیٹی کی شادی ہوئی تھی جس میں بارات کے کھانے کا بل 13 لاکھ روپے بنا تھا اور جب تفتیشی اداروں کو میرے خلاف کچھ نہ ملا تو انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ آپ کے پاس 13 لاکھ روپے کہاں سے آئے تفتیشی ایجنسیوں نے تو جھک مار کر لکھ دیا دراصل ان پر پریشر تھا انہوں نے کسی کے گلے میں تو پھندا فٹ کرنا تھا لیکن میری عادت نہیں میں کسی پر الزام لگائوں میں کسی کے خلاف اسی وقت بول سکتا ہوں جب میرے پاس کوئی ثبوت ہو۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جی حج کی تقرری کا اختیار وزیراعظم کو حاصل ہوتا ہے میں کسی کی خاطر اپنی جان تو قربان کرسکتا ہوں لیکن کسی کی خاطر اپنی عزت دائو پر نہیں لگا سکتا۔ سید عبدالقادر گیلانی نے میرے سامنے حج اسکینڈل میں کسی سے پیسے نہیں پکڑے یہ کام تفتیشی اداروں کا ہے کہ وہ خود صاف شفاف تحقیقات کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں