روسی فضائیہ کا بمبار طیارہ لینڈنگ کے دوران تباہ عملے کے 3 ارکان ہلاک

سپرسونک بمبار طیارہ موسم کی خرابی کے باعث لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا،روسی وزارت دفاع


ویب ڈیسک January 27, 2019
شدید سرد موسم کے باعث حد نگاہ انتہائی کم تھی جو حادثے کی وجہ بنی،وزارت دفاع۔ فوٹو : ٹویٹر

روسی ایئر فورس کا سپر سونک بمبار طیارہ لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے کے 3 ارکان ہلاک ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روس کا بمبار طیارہ Tu-22M3 مانسک کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی کوشش کے دوران توازن برقرار نہ رکھ سکا اور حادثے کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں عملے کے 3 ارکان ہلاک ہوگئے۔

روسی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بمبار طیارہ آرٹیک کے علاقے میں گشت کے بعد واپس لوٹ رہا تھا جب کہ شدید سرد موسم کے باعث حد نگاہ انتہائی کم تھی جو حادثے کی وجہ بنی۔

وزارت دفاع کے مطابق لینڈنگ کے دوران زمین کے ساتھ لگتے ہی طیارے کا توازن بگڑ گیا اور طیارے کا اگلا حصہ ٹوٹ کر الگ ہو گیا جس کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی اور طیارہ جل کر راکھ کا ڈھیر بن گیا۔

روس کے وزارت دفاع نے حادثے کی تحقیقات کے لیے تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی ہے جو حادثے کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں