رمضان کرکٹ پورٹ قاسم کی فتوحات کو بریک لگ گئے

مسلسل 3 میچز جیتنے والی ٹیم کو سوئی سدرن گیس نے7 وکٹ سے قابو کر لیا، یاسر شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں، توفیق عمر نے۔۔۔

مسلسل 3میچز جیتنے والی ٹیم کو سوئی سدرن گیس نے 7 وکٹ سے قابو کر لیا، یاسر شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں، توفیق عمر نے ناقابل شکست45 رنز بنائے۔ فوٹو: فائل

پی سی بی رمضان کپ ٹی ٹوئنٹی نائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پورٹ قاسم اتھارٹی کی فتوحات کو بریک لگ گئے۔

مسلسل 3 میچز جیتنے والی ٹیم کو سوئی سدرن گیس نے 7 وکٹ سے قابو کر لیا، یاسر شاہ اور سمیع اللہ نیازی کی عمدہ بولنگ کی بدولت شکست خوردہ ٹیم 72 رنز پر ڈھیر ہوگئی،محمد سلمان نے سب سے زیادہ 24 اور خرم منظورنے 11 رنز بنائے،9 کھلاڑی ڈبل فیگر تک بھی نہ پہنچ سکے، فاتح ٹیم نے3 وکٹ گنوا کر 15ویں اوور کی پانچویں گیند پر ہدف عبور کر لیا، یہ ایونٹ میں اس کی پہلی کامیابی ہے۔ دریں اثنا پورٹ قاسم کے کپتان خالد لطیف نے شکست پر ناقص وکٹ کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میںگزشتہ شب گروپ بی میچ میں پورٹ قاسم اتھارٹی کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا،دوسرے اوورکی چوتھی گیند پر کپتان خالد لطیف محض 2 رنز بناکر توفیق عمر کو کیچ دے بیٹھے۔


دوسری وکٹ بھی سمیع اللہ نیازی کو ملی جب انھوں نے شاہ زیب حسن (7) کو عدنان اکمل کی مدد سے میدان بدر کرا دیا،4 رنز کے اضافے سے تیسری وکٹ بھی گرگئی جب کامران یونس (1) کواظہر علی نے رن آؤٹ کردیا، 22 کے مجموعی اسکور پرخرم منظور26 گیندوں پر11 رنز بنانے کے بعد یاسر شاہ کی گیند پر عمران علی کو کیچ دے بیٹھے،اسی اسکور پر ٹیم کو پانچواں دھچکا لگا جب افسر نواز (صفر) کو یاسر شاہ نے واپس پویلین لوٹا دیا،کیچ وکٹ کیپر عدنان اکمل نے لیا، یاسر شاہ نے طوفانی بولنگ جاری رکھتے ہوئے 29 رنز پر حارث علی کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے چھٹی وکٹ بھی گرا دی،حارث علی 2 رنز بنا سکے،ناکام ٹیم کو ساتواں نقصان 49 کے اسکور پرمحمد طلحہٰ (8) کی وکٹ گنوانے سے ہوا، وہ عمران خالد کی گیند پر توفیق عمرکا کیچ بنے، مشکلات میں گھری اتھارٹی کی ٹیم کی 8ویں وکٹ 58 رنز پر گری، 18ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر بلاول بھٹی(3) نے ایک اینڈ سنبھالے رکھنے والے محمد سلمان کوایل بی ڈبلیوآؤٹ کردیا۔



سلمان نے 27 گیندوں پر 4 چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 24 رنز جوڑے، اعظم حسین (6) کوعدنان اکمل نے خرم شہزاد کی بولنگ پر اسٹمپڈکر دیا، 72 کے مجموعی اسکور پر آخری وکٹ بھی گر گئی جب ارشاد خان (6) بلاول کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ دے بیٹھے،یاسر شاہ نے11 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ سمیع اللہ نیازی اور بلاول بھٹی نے بالترتیب 4 اور 18 رنز دے کر 2،2 وکٹیں حاصل کیں،عمران خالد اورخرم شہزاد نے 1،1وکٹ اپنے نام کی، جواب میں فاتح ٹیم کے اوپنرز نے 37 رنز کا آغاز فراہم کیا،عظیم گھمن کا اعظم حسین نے اپنی ہی گیند پر کیچ تھاما، انھوں نے 22گیندوں پر 8 رنز بنائے، ٹیم کو دوسرا نقصان 55 رنز کے مجموعی اسکور پراٹھانا پڑا، اظہر علی(7) نے ارشاد خان کی گیند پر افسر نواز کو کیچ تھما دیا، 14ویں اوور کی پانچویں گیند پر تیسری وکٹ گر گئی،69 رنز کے مجموعی اسکور پر خرم شہزاد 7 گیندوں پر 5 رنز کاحصہ ڈالنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

کامران یونس نے اعظم حسین کی گیند پر کیچ لیا،اگلے اوور کی پانچویں گیند پر فاتح ٹیم نے اپنا ہدف حاصل کرلیا،ناقابل شکست 45 رنز داغنے والے توفیق عمر نے5 مرتبہ گیند کو باؤنڈری سے باہر بھیجا، علی وقاص 2 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،اعظم حسین نے17 رنز دے کر 2 جبکہ ارشاد خان نے 13 رنز کے عوض ایک وکٹ اپنے نام کی، فاتح ٹیم کے یاسر شاہ مین آف دی میچ رہے، تیسرے میچ میں پہلی کامیابی حاصل کرنے والی سوئی نادرن گیس کی ٹیم کے مجموعی طور پر 3 پوائنٹس ہیں، شکست خوردہ ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی، وہ اپنے چوتھے میچ کے بعد 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر سر فہرست ہے، اتوار کو سوئی ناردرن گیس اپنا چوتھا میچ کے آر ایل کے خلاف کھیلے گی۔
Load Next Story