کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین 10 گھنٹے تاخیر کا شکار

گزشتہ 15 روز سے ٹرینیں اسی طرح تاخیر کا شکار ہورہی ہیں


Numainda Express January 28, 2019
گزشتہ 15 روز سے ٹرینیں اسی طرح تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں فوٹو:فائل

کینٹ اسٹیشن سے لاہور جانے والی ٹرین شاہ حسین ایکسپریس 10 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی جبکہ گزشتہ 15 روز سے ٹرینیں اسی طرح تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔

کراچی کینٹ اسٹیشن سے اتوار کی شام 7 بجے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس جس کا پرانا نام نائٹ کوچ تھا، 10 گھنٹے تاخیر کے بعد پیر کی صبح 4 بجکر 6 منٹ پر روانہ ہوئی۔

نمائندہ ایکسپریس نیوز کو دیکھ کر شام 6 بجے سے پلیٹ فارم پر بے حال بیٹھے مسافر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید اور ریلوے انتظامیہ پر پھٹ پڑے، ان کا کہنا تھا کہ ریلوے انتظامیہ کوئی تسلی بخش جواب نہیں دے رہی، ہم اپنے گھروں سے شام 6 بجے سے آئے ہوئے ہیں ہر ایک گھنٹے بعد ایک گھنٹے بعد کا وقت دے دیا جاتا ہے۔

مسافروں کا کہنا تھا کہ سخت سردی میں خواتین، شیر خوار و کمسن بچے اور بزرگ انتہائی پریشانی کا شکار ہیں ، پلیٹ فارم پر بیت الخلا استعمال کرنے کے 50 روپے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ غیر معروف کمپنیوں کے منرل واٹر اور غیر معیاری چائے کے من مانے پیسے وصول کیے جا رہے ہیں ، اسٹیشن پر انتظامیہ نام کی کوئی چیز نہیں ہے ، ایسی تبدیلی کو مسترد کرتے ہیں۔

کینٹ اسٹیشن پر ڈیوٹی انجام دینے والے ایک پولیس اہلکار نے ایکسپریس کو بتایا کہ تقریباً گزشتہ 15 دن سے ٹرینیں اسی طرح تاخیر کا شکار ہیں۔

اس سلسلے میں ڈویژن کمرشل آفیسر اسحاق بلوچ سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم وہ سو رہے تھے جبکہ مسافر کھلے آسمان تلے اپنے معصوم بچوں کے ہمراہ اللہ کے آسرے پر بیٹھے رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں