خیبرپختونخوا اسمبلی کروڑ پتیوں کا ایوان

خیبر پختونخوا اسمبلی کے 2 ارکان ارب پتی جب کہ 63 کروڑ پتی ہیں

خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کی اکثریت پڑھی لکھی ہے، فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا ملک کا واحد صوبہ ہے جہاں تحریک انصاف کو واضح برتری حاصل ہے لیکن اس کے ساتھ ہی اس کی اسمبلی کے ارکان کی اکثریت کروڑ پتی بھی ہے۔

ایکسپریس کو ملنے والی معلومات کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی کی اکثریت پڑھی لکھی ہے، 3 ارکان اسمبلی نے دینی مدرسے سے تعلیم حاصل کی ہے۔ 7 مرد ارکان اور 5 خواتین ارکان اسمبلی نے میٹرک تک تعلیم حاصل رکھی ہے، 8 مرد اور ایک خاتون رکن اسمبلی کی تعلیمی قابلیت انٹرمیڈیٹ ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی میں 33 مرد اور 4 خواتین ارکان نے بی اے کر رکھا ہے، 19 مرد اور 3 خواتین ارکان ماسٹرز ڈگری کے حامل ہیں، ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کرنے والوں میں 13 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ ایم بی بی ایس کرنے والوں میں 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں جبکہ 2 ارکان اسمبلی نے انجنیئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔


دستاویزات کے مطابق 20 مرد اور 8 خواتین ارکان اسمبلی نے اپنی وابستگی مکمل سیاست بتایا ہے، 27 ارکان اسمبلی زراعت، 24 ارکان تجارت، 4 ارکان قانون اور ایک طب کے شعبے سے واسبتہ ہیں جب کہ خواتین ارکان نے خود کو گھریلو خواتین ظاہر کیا ہے۔

اس کے علاوہ ایوان کی اکثریت نے خود کو کروڑ پتی ظاہر کر رکھا ہے۔ 26 ارکان کے ظاہر کردہ اثاثوں کی مالیت 10 لاکھ سے ایک کروڑ ہے۔ 37 مرد اور 8 خواتین ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی مالیت ایک کروڑ سے 5 کروڑ روپے تک ہے۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کی 2 خواتین سمیت 12 ارکان نے اپنے اثاثے 5 کروڑ سے 10 کروڑ روپے کے درمیان ظاہر کئے ہیں، اسی طرح 2 ارکان کے اثاثوں کی مالیت 50 کروڑ روپے تک ہے۔ پچاس کروڑ سے ایک ارب روپے تک 4 مرد ارکان اور ایک ارب سے زائد اثاثے ظاہر کرنے والے ارکان اسمبلی کی تعداد دو ہے۔

 
Load Next Story