منی لانڈرنگ سے بیرون ملک بھیجی گئی رقم کو واپس لایا جائے گا چیئرمین نیب

میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات و منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح ہے، جاوید اقبال

سروے کے مطابق 59فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں، چیئرمین نیب فوٹو: فائل

چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ منی لانڈرنگ سے بیرون ملک بھیجی گئی رقم کو واپس لایا جائے گا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیب ہیڈ کوارٹر لاہور میں چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں اجلاس ہوا، جس میں آپریشن اور پراسیکیوشن ڈویژن سے تعلق رکھنے والے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نیب کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آپریشن اورپراسیکیوشن ڈویژن نے اہم مقدمات پر شرکا کو بریفنگ دی۔


اجلاس کے دوران چیئرمین نیب نے کہا کہ میگا کرپشن کے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا ترجیح ہے، منی لانڈرنگ سے بیرون ملک بھیجی گئی رقم کو واپس لایا جائے گا، نیب نے بدعنوان عناصر سے 297 ارب روپے برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرائے، اس کے علاوہ احتساب عدالتوں میں اس وقت ایک ہزار 210 مقدمات زیر سماعت ہیں، بدعنوانی دیمک سے بڑھ کر ناسور کی حیثیت اختیار کر چکی ہے، گیلپ اور گیلانی سروے کے مطابق 59فیصد لوگ نیب پر اعتماد کرتے ہیں۔ عالمی اقتصادی فورم کے کرپشن انڈیکس میں پاکستان 107ویں نمبر پر آ گیا ہے۔

 
Load Next Story