سانحہ ساہیوال سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی

 فائرنگ میں جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کو مجموعی طور پر 34 گولیاں لگیں، رپورٹ


ویب ڈیسک January 28, 2019
قریب سے گولیاں لگنے کے باعث چاروں افراد کی جلد مختلف جگہ سے جل گئی، رپورٹ : فوٹو:فائل

ساہیوال میں سی ٹی ڈی کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے افراد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ آگئی ہے جس کے مطابق قتل ہونے والے چاروں افراد کو مجموعی طور پر 34 گولیاں ماری گئیں۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق سانحہ ساہیوال میں قتل ہونے والے افراد کی پوسٹ مارٹم رپورٹ جب کہ زخمی ہونے والے بچوں کی میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آگئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مقتولین کو 34 گولیاں ماری گئیں۔

رپورٹ کے مطابق مبینہ پولیس مقابلے میں قتل ہونے والی 13 سالہ اریبہ کو 6 گولیاں لگیں جس سے ان کی پسلیاں بھی ٹوٹ گئیں، اریبہ کو سینے میں دائیں اور بائیں گولیاں لگیں۔ نبیلہ کو چار گولیاں لگیں، ایک گولی سر میں لگی۔ خلیل کو 11 گولیاں لگیں، سر میں بھی ایک گولی لگی۔ ڈرائیور ذیشان کو 13 گولیاں لگیں، سر میں لگنے والی گولی سے ہڈیاں باہرآگئیں۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق ہونے والے چاروں افراد کو بہت قریب سے گولیاں ماری گئیں، اور قریب سے گولیاں لگنے سے چاروں لوگوں کی جلد مختلف جگہ سے جل گئی، چاروں افراد کو سر میں بھی گولیاں ماری گئیں۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 6 سالہ منیبہ کے ہاتھ پرزخم شیشہ ٹوٹنے کا نہیں تھا بلکہ اسے گولی لگی تھی، جو اس کے دائیں ہاتھ میں سامنے سے لگی اور پار ہو گئی، جب کہ عمیر کی دائیں ران میں گولی لگی اورآرپارہوگئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔