ساتھی اداکارہ نے مجھے زہر دیکر مارنے کی کوشش کی ریما خان

مجھے زہر دینے والے کو ایک لاکھ روپے بھی دیئے گئے، اداکارہ اور ہدایت کارہ ریما خان


ویب ڈیسک January 28, 2019
ساتھی اداکاراؤں کی وجہ سے مجھے بُرا وقت بھی دیکھنا پڑا ،ریما خان

پاکستان فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان کا کہنا ہے کہ اُن کو ایک ساتھی اداکارہ کی جانب سے زہر دیکر جان سے مارنے کی کوشش کی گئی۔

ریما خان نے نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ اپنے عروج کے دور میں ہر طرح کی کامیاباں حاصل کیں لیکن کئی پریشانیوں کا سامنا بھی کیا حتیٰ کہ ساتھی اداکاراؤں کی وجہ سے مجھے بُرا وقت بھی دیکھنا پڑا اور کئی بار تو میری کردار کشی بھی کی گئی۔

ریما نے بتایا کہ ایک بار میرے گھر پر فائرنگ بھی کی گئی یہاں تک کہ آصف رضا میرکے ایک کمرشل کی شوٹنگ کے دوران بھی مجھے زہر دینے کی کوشش کی گئی اور زہر دینے والے کو ایک لاکھ روپے بھی دیئے گئے تھے لیکن اُس خاتون نے ایسا کرنے سے منع کردیا، اس کے باوجود میں نے اس واقعے کی پولیس میں کوئی شکایت درج نہیں کرائی۔

اداکارہ نے مزید انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے کئی پروجیکٹ کرنے سے روک دیا گیا اور مختلف طرح سے میرے اسکینڈل بنائے گئے۔

واضح رہے کہ لالی ووڈ میں طویل عرصے راج کرنے والی ریما خان شادی کے بعد امریکا منتقل ہو گئی ہیں تاہم وہ ان دنوں پاکستان آئی ہوئی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔