بھارت میں محصور پاکستانی خواتین کی واپسی کیلئے سماجی تنظیمیں میدان میں آگئیں

سشماسوراج کوخط کے ذریعے کبریٰ سمیت دیگرپاکستانی خواتین کی واپسی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے، سماجی رہنما انصاربرنی


آصف محمود January 29, 2019
سماجی رہنما انصاربرنی نے بھارت میں محصور خواتین کی وطن واپسی کے حوالے سے پاکستان اوربھارتی حکام کوخط لکھا ہے فوٹوفائل

بھارت میں محصور کشمیری خاتون کبریٰ سمیت دیگر پاکستانی خواتین کی وطن واپسی کے لیے سماجی تنظیمیں میدان میں آگئیں۔

ایکسپریس کی طرف سے بھارت میں محصورکشمیری خاتون کبریٰ سمیت دیگرپاکستانی خواتین کا معاملہ اٹھانے پرانسانی حقوق کی تنظیمیں حرکت میں آگئی ہیں۔ سماجی رہنما انصاربرنی نے ان خواتین کی وطن واپسی کے حوالے سے پاکستان اوربھارتی حکام کوخط لکھا ہے جس میں دونوں طرف کی حکومتوں سے مطالبہ کیا گیا ہے ان خواتین کی واپسی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت میں مقیم پاکستانی خاتون وطن واپسی کی منتظر

لندن سے ٹیلی فون پرایکسپریس سے بات کرتے ہوئے انصاربرنی نے بتایا کہ انہوں نے بھارتی وزیرخارجہ سشماسوراج کوخط کے ذریعے کبریٰ سمیت دیگرپاکستانی اورکشمیری خواتین کی واپسی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا وہ جمعہ کو وطن واپس آرہے ہیں جس کے بعد وہ مظفرآبادجائیں گے اوروہاں کبریٰ سمیت دیگرخواتین کے خاندانوں سے ملیں گے۔

انصاربرنی نے یہ بھی بتایا کہ کبریٰ نے بھارت میں محصورخواتین کی جوتعدادبتائی ہے وہ بہت بڑی ہے، اس معاملے کو حکومتی سطح پراٹھانے کی ضرورت ہے، وہ انسانی ہمدردی کے تحت ان کی واپسی کے لئے اپنا کرداراداکریں گے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: بھارت میں محصور خاتون کی وزیراعظم سے مدد کی اپیل

انصاربرنی کاکہنا تھا بھارت میں محصورکئی خواتین نے ان سے رابطہ کیا ہے اوراپنے حالات سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے پاکستانی وزارت خارجہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان معاملات کی تحقیقات کرے اورقوم کوبتایا جائے کہ بھار ت میں محصورپاکستانی اورکشمیری خواتین کی درست تعدادکتنی ہے۔ انہیں واپس پاکستان لانے کے لئے کیا اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اوربھارتی حکومت کیوں ان خواتین کو واپس نہیں آنے دے رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں