شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر مکھیوں اور مچھروں کی افزائش ہونے لگی

سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ ہو گیا، شہر میں کتا مار مہم عرصے سے التوا کا شکار


Staff Reporter July 22, 2013
مکینوں کے مطابق شہر میں کتا مار مہم عرصے سے التوا کا شکار اور صفائی ستھرائی کا نظام کئی ماہ سے مفلوج ہے. فوٹو: ایکسپریس

شہر میں سڑکوں پر کچرے کے ڈھیر وغلاظت سے حشرات الارض اور آوارہ کتوں کی افزائش ہورہی ہے۔

آوارہ کتے شہریوں بالخصوص نمازیوں پر حملے کررہے ہیں، سگ گزیدگی کے واقعات بڑھ رہے ہیں، رمضان کا پہلا عشرہ گزرنے کے باوجود پانچوں میونسپل کارپوریشنز صفائی مہم کا آغاز نہ کرسکیں، شہر کی اہم شاہراہیں، گلیاں، محلے اور مساجد کے اطراف کچرے کے ڈھیر لگ چکے ہیں لیکن بلدیاتی انتظامیہ صفائی کے لیے تیار نہیں ہے، تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی، گلشن اقبال، اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، بہادرآباد، پی ای سی ایچ ایس، رنچھوڑ لائن، اولڈسٹی ایریا، صدر، محمودآباد، کورنگی، لانڈھی، ملیر ، قائدآباد، ناظم آباد، بنارس کالونی اور دیگر علاقوں میں آوارہ کتوں کی بہتات نے شہریوں کا جینا مشکل کردیا ہے اور سگ گزیدگی کے واقعات بڑھنے لگے ہیں۔



مکینوں کے مطابق شہر میں کتا مار مہم عرصے سے التوا کا شکار اور صفائی ستھرائی کا نظام کئی ماہ سے مفلوج ہے جس کے باعث گلیوں محلوں اور بازاروں میں کچرے کے ڈھیر لگ چکے ہیں جو مکھیوں، مچھروں کی افزائش اور آوارہ کتوں کی بہتات کا سبب بن رہے ہیں،حشرات الارض کی بہتات سے وبائی امراض پھوٹنے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے، مکینوں کے مطابق کچرا کنڈیوں کی صفائی نہ ہونے سے کچرے کے ڈھیر گلیوں اور شاہراہوں تک پھیل چکے ہیں، سینیٹری ورکرز ندی نالوں اور برساتی نالوں پر کچرا ڈمپ کررہے ہیں، آوارہ کتے کچرے کے ڈھیروں سے با آسانی غذا حاصل کرکے تیزی سے افزائش پارہے ہیں جبکہ علاقوں میں آوارہ کتوں کے غولوں کے منڈلانے سے رمضان المبارک میں صبح نماز اور رات کو تروایح کیلیے مساجد اور بازاروں سے شاپنگ کرکے واپس آنے والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

امسال رمضان المبارک میں تراویح اور فجر کی نماز کیلیے جانے والے شہریوں کو آوارہ کتوں کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے، آوارہ کتے راہ چلتی گاڑی اور موٹر سائیکل کے پیچھے لپکتے ہیں اور پیدل چلنے والے مسافروں کو کاٹ لیتے ہیں،گلیوں اور سڑکوں پر رات سے صبح تک کتوں کی ٹولیاں راج کرتی ہیں، بلدیاتی اداروں نے گزشتہ کئی سالوں سے کتا مار مہم نہیں چلائی جس سے آوارہ کتوں کی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی ہے،شہریوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بناکر کتا مار مہم چلا کر آوارہ کتوں سے نجات دلائی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں