عدالتی فیصلے پر پی سی بی انٹراکورٹ اپیل دائر کریگا

تفصیلی آرڈر ملنے پر عدالت کے سامنے بورڈ کا موقف پیش کریں گے، تفضل رضوی.


Sports Reporter July 22, 2013
معین خان کو کام سے روک دیا گیا ، مختلف ایونٹس کیلیے اسکواڈ کا انتخاب مشکل ہوگیا۔ فوٹو: فائل۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے میں نجم سیٹھی کے عہدے کو عبوری کے بجائے نگران چیئرمین قرار دیتے ہوئے اختیارات کو محدود کردیا گیا تھا، ان کے4جولائی کے بعد کیے جانے والے تمام اقدامات بھی کالعدم ٹھہرائے گئے ہیں، نجم سیٹھی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بڑے فیصلوں سے گریز کرتے ہوئے 18 اکتوبر سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کی زیر نگرانی چیئرمین پی سی بی کے انتخابات کرائیں۔ پی سی بی کے وکیل تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ بورڈ کو باضابطہ طور پر تفصیلی فیصلہ نہیں ملا، لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق کئی ایسی چیزیں بھی سامنے آئی ہیں جن کا مقدمہ کے فریقین میں سے کسی نے ذکر کیا نہ ہی ان مسائل کے حوالے سے کئی دلائل پیش کئے گئے، تفصیلی فیصلہ باضابطہ موصول ہونے کے بعد پی سی بی کا موقف فاضل عدالت کے سامنے لانے کے لیے آئندہ ہفتے انٹرا کورٹ اپیل دائر کریں گے۔



دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے نگران چیئرمین نجم سیٹھی نے اسلام آباد ہائی کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آنے کے بعد نئے چیف سلیکٹر معین خان کو کام سے روک دیا، سابق کپتان سلیکشن کمیٹی کے دیگر ارکان کے ساتھ مل کر ایشین ایمرجنگ ٹیمز کپ کے لیے انڈر 23 اسکواڈ اور دورۂ زمبابوے کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب میں مصروف تھے۔ نجم سیٹھی نے معین خان کو کہا ہے کہ پی سی بی عدالتی فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کرے گا جس کا مثبت جواب سامنے آنے پر ہی وہ دوبارہ کام شروع کرسکیں گے۔ذرائع کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد بورڈ کے معاملات مفلوج ہوتے نظر آرہے ہیں، ٹیم کے انتخاب کے معاملہ میں سنگین صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں