لارڈز ٹیسٹ آسٹریلیا کو شکست جوئے روٹ انگلش ہیرو بن گئے

انگلینڈ 347رنز سے فتحیاب ، سیریز میں 2-0 کی برتری، کینگروز دوسری باری میں 235 پر آؤٹ، سوان کی 4وکٹیں.


Sports Desk July 22, 2013
لارڈز : 180کی بھرپور اننگز کھیل کر میدان بدر ہونے پر روٹ مداحوں کی داد کا جواب دے رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

لارڈز ٹیسٹ میں جوئے روٹ کی آل راؤنڈ پرفارمنس اور سوان کی نپی تلی بولنگ کی بدولت انگلینڈ نے آسٹریلیا کو 347رنز سے شکست دے دی۔

اس طرح میزبان ٹیم کو پانچ میچز کی سیریز میں 2-0 کی برتری مل گئی، کینگروز مسلسل چھٹے ٹیسٹ میں ناکامی سے دوچار ہوئے، 583 کا پہاڑ جیسا ہدف پانے والے کینگروز چوتھے دن 235رنز پر آؤٹ ہوگئے، جوئے روٹ انگلش ہیرو ثابت ہوئے، وہ 180 کی بھرپور اننگز کھیلنے کے بعد دو قیمتی وکٹیں بھی لے اڑے،جس میں حریف کپتان مائیکل کلارک اور عثمان خواجہ شامل ہیں، انھوں نے چائے کے وقفے سے قبل اپنی آف اسپن بولنگ کی مدد سے دو وکٹیں لیکر آسٹریلیا کو ناکامی کی گہرائیوں میں دھکیل دیا، روٹ نے مائیکل کلارک(51) اور عثمان خواجہ(54) کو ٹھکانے لگایا، 22 سالہ روٹ کی اس بے مثال کامیابی پر ان کے ساتھی پلیئرز اور کراؤڈ نے دل کھول کر ان کی ستائش کی۔



کلارک کو اگرچہ 2 کے انفرادی اسکور پر ایک چانس بھی ملا تھا، انھوں نے عثمان کے ہمراہ چوتھی وکٹ کیلیے 98رنز کی شراکت بناکر ٹیم کو سنبھالا دینے کی کوشش کی ، اسٹیون اسمتھ (1) بریسنن کی گیند پر وکٹ کیپر پرائر کا کیچ بنے، انھوں نے فیصلہ چیلنج کیا لیکن کامیاب نہیں ہوپائے، اس سے قبل اوپنر شین واٹسن (20) کو اینڈرسن نے ایل بی ڈبلیو کیا، تاہم مہمان ٹیم ایک وکٹ 24رنز سے گر کر جلد ہی 36-3 ہوگئی، سوان نے اپنی پانچویں بال پر لیفٹ ہینڈر کرس روجرز کی آف اسٹمپ اڑادی، وہ محض چھ رنز بناپائے، اس کے بعد سوان نے فل ہیوز(1) کو بھی ایل بی ڈبلیو کردیا، کلارک کو 2 کے انفرادی اسکورپر سوان کی گیند پر پرائر نے اسٹمپڈ کرنے کا موقع گنوایا۔

ایشٹون ایگر16رنز بناکر بریسنن اور پرائر کے گٹھ جوڑ کا شکارہوئے، بریڈہیڈن (7) کو سوان نے اپنا تیسرا شکار بنایا، پیٹرسڈل نے 62 گیندوں پر 18رنز بناکر انگلش بولرز کو مشکل میں ڈالے رکھا، جیمز پیٹنسن 35 کو سوان نے چوتھی وکٹ بنایا، ریان ہیرس 16 پر ناٹ آؤٹ رہے، ان کے درمیان آخری وکٹ کیلیے 43رنز کی ساجھے داری بنی، مہمان ٹیم 90.3 اوورز میں 235رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، قبل ازیں انگلش ٹیم نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کو 5وکٹ 333رنز سے جاری کیا، روٹ اپنے انفرادی اسکور 178 میں محض دو رنز کا اضافہ ہی ممکن بناسکے، الیسٹر کک نے روٹ کی ڈبل سنچری کے پیش نظر اننگز فوری ڈیکلیئرڈ کرنے سے گریز کیا، بیئراسٹو20رنز بناکر میدان بدر ہوئے تاہم روٹ کے آؤٹ پر انگلش اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، میزبان ٹیم نے 7وکٹ پر 349 رنز بنا کر مجموعی سبقت 582 تک پہنچائی، روٹ نے180کی اننگز کھیلی ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں