برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے کشمیریوں پر مظالم کیخلاف احتجاج کیا جائے گا وزیرخارجہ

میں لندن کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کا خواہش مند ہوں ، میر واعظ


ویب ڈیسک January 29, 2019
شاہ محمود قریشی کا آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق سے ٹیلی فونک رابطہ، فوٹو: فائل

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 4 اور 5 فروری کو لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا آل پارٹیز حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں مسئلہ کشمیر اور بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے امور پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ ہر فورم پر اٹھایا ہے اور اس سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے 4 اور 5 فروری کو لندن میں برطانوی پارلیمنٹ کے سامنے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کے خلاف احتجاج کیا جائے گا جب کہ ساتھ ہی لندن میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر تصویری نمائش کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔

وزیر خارجہ سے بات چیت میں میر واعظ عمر فاروق نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔

میر واعظ عمر فاروق کا کہنا تھا کہ میں لندن کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کا خواہش مند ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں