سرینا ولیمز نے کیریئر کی 53 ویں ٹرافی جیت لی

سوئیڈش اوپن کے فائنل میں جوہالارسن کو مات، یووینی کی پہلی ٹائٹل فتح.


Sports Desk July 22, 2013
ہیمبرگ میں فیڈرر کو ہرانے والے بونیس کا قصہ تمام، فوگنینی چیمپئن بن گئے۔ فوٹو: فائل

ورلڈ نمبرون ٹینس اسٹار سرینا ولیمز نے سوئیڈش اوپن ٹرافی جیت لی، یہ ان کے کیریئر کا53واں ڈبلیو ٹی اے ٹائٹل بنا۔

انھوں نے ایونٹ کے فائنل میں میزبان پلیئر جوہانا لارسن کو شکست دیکر سیزن میں اپنی فتوحات کا سلسلہ 51 میچز تک بھی دراز کرلیا، آسٹریا کی یووینی میوس برگر نے کیریئر کی پہلی ٹرافی قبضے میں کرلی، ہیمبرگ اے ٹی پی میں ارجنٹائنی کوالیفائر فیڈریکو ڈیل بونیس کا ارمان خاک میں مل گیا، اطالوی پلیئر فابیو فوگنینی چیمپئن بن گئے۔تفصیلات کے مطابق امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کی رواں سیزن میں شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری ہے، اتوارکو سوئیڈن اوپن کے فائنل میں میزبان حریف جوہانا لارسن بھی ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکیں اور انھوں نے مقابلہ 6-4،6-1 سے جیت کر کیریئر کا 53واں ٹائٹل اپنے نام کرلیا، اس کامیابی کے ساتھ ہی ان کی سیزن میں فتوحات کا سلسلہ بھی 51 میچز تک دراز ہوگیا، فائنل میں ناکام رہنے والی ورلڈ نمبر76 لارسن کے پاس سرینا کی زوردار سروس کا کوئی جواب نہیں تھا۔



فرنچ اوپن چیمپئن سرینا نے اپنے کیریئر کا 69 واں فائنل کھیلا، وہ رواں سیزن میں کلے کورٹ پر ابھی تک ناقابل شکست ہیں۔دوسری جانب آسٹریا کے شہر ویانا میں یووینی میوس برگر نے کیریئر کا پہلی ٹرافی حاصل کرلی، انھوں نے فائنل میں جمہوریہ چیک کی آندریا ہیلکووا کو 7-5،6-2 سے شکست دی، 29 سالہ ہوم اسٹار درست عالمی درجہ بندی میں86 ویں پوزیشن پر ہیں۔علاوہ ازیں ہیمبرگ اے ٹی پی کے فائنل میںاطالوی پلیئر فابیو فوگنینی نے ارجنٹائن کے فیڈریکو ڈیل بونیس کا ارمان خاک میںملادیا، انھوں نے سیمی فائنل میں سوئس اسٹار راجرفیڈرر کو شکست دیکر سب کو حیران کردیا تھا، تاہم فیصلہ کن معرکے میں فوگنینی نے انھیں شکست دے دی، ان کی جیت کا اسکور 4-6،7-6(10/8) اور 6-2 رہا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں