انڈر16 فٹبال پاکستان ٹیم آج بھوٹان کاسامنا کریگی

بھارت نے سری لنکا کو4-1 سے آؤٹ کلاس کردیا، بیداش ور سنگھ کے 2گول.

بھارت نے سری لنکا کو4-1 سے آؤٹ کلاس کردیا، بیداش ور سنگھ کے 2گول۔ فوٹو: فائل

ساؤتھ ایشیا انڈر16 فٹبال چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم اپنا دوسرا میچ آج بھوٹان کیخلاف کھیلے گی، ایونٹ کے افتتاحی روز گرین شرٹس کا افغانستان سے مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر ہوگیا تھا۔

پیر کو دوسرے میچ میں گروپ اے کی دیگر دو ٹیمیں نیپال اور افغانستان مقابل آئیں گی۔ نیپال میں جاری ایونٹ کے دوسرے روز گروپ بی میں بھارت نے سری لنکا کو 4-1سے شکست دیدی۔ کھٹمنڈو کے آرمی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میںبلو شرٹس کھلاڑی آغاز سے ہی چھائے رہے۔ پہلے ہاف کے 21 ویں منٹ میںکپتان کرشنا پنڈت نے انفرادی کوشش سے خوب صورت گول کرتے ہوئے بھارت کو 1-0 کی برتری دلا دی، صرف دو منٹ بعد ہی بیداش ور سنگھ نے کارنر کک پر کارنر کے ذریعے گول داغتے ہوئے برتری دوگنا کردی۔ بعدازاں سری لنکن پلیئرزنے ہمت باندھتے ہوئے بھارتی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ شروع کردیا۔




44 ویں منٹ میں ناریش نے ڈی کے باہر سے گول داغتے ہوئے مقابلہ 2-1 کردیا۔ اسی اسکور پر پہلا ہاف اختتام کو پہنچا دوسرے ہاف میں بھارتی کھلاڑیوں نے اٹیکنگ حکمت عملی اپنائی اور 66 ویں منٹ میں پروسنجیت چکروتی کی کوشش سے مقابلہ3-1 کردیا۔ جس کے بعد سری لنکن کھلاڑیوں نے میچ میں واپسی کی بہت کوشش کی مگر کامیابی نہ مل سکی۔ میچ کے 90 ویں منٹ میں بیداش ور سنگھ نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول کردیا۔ اسی اسکور پر میچ اختتام پذیر ہوگیا۔ یادرہے کہ ٹورنامنٹ میں کل 7 ٹیمیں شریک ہیں۔ مالدیپ کی ٹیم بعض وجوہات کی بنا پر مقابلے میں شرکت نہیں کرسکی۔ منتظمین نے سات ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان، میزبان نیپال، بھوٹان اور افغانستان جبکہ گروپ بی میں بھارت، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو رکھا گیا ہے۔
Load Next Story