جنوبی افریقا نے پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز جیت لی

جنوبی افریقا کی جانب سے ڈی کوک نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 83 رنز بنا کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا

میچ کیپ ٹاؤن میں کھیلا گیا، فوٹو: فائل

جنوبی افریقا نے پاکستان کو فیصلہ کن مقابلے میں 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 2-3 سے جیت لی۔

کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کا 241 رنز کا ہدف پرُاعتماد انداز میں 40ویں اوورز میں حاصل کرلیا، اوپنر ڈی کوک نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرکے صرف 58 گیندوں پر 83 رنز کی باری کھیل کر بازی کو ٹیم کے حق میں آسان کیا جب کہ کپتان ڈوپلیسی اور وین ڈر ڈوسن نے 100 رنز کی شراکت داری قائم کرکے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، دونوں نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور ناٹ آؤٹ رہے، ہاشم آملہ 14 اور ہینڈرکس 34 رنز بنا کرپویلین لوٹے۔

پاکستان کی جانب سے عثمان شنواری، شاہین آفریدی اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

قبل ازیں میزبان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کو ترجیح دی، گرین کیپس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 240 رنز بنائے۔


قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ڈیل اسٹین نے امام الحق کا سفر تیسری اوور میں ہی تمام کردیا، وہ صرف 8 رنز ہی بناسکے،بابراعظم اور فخرزمان کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 56 رنز کی شراکت قائم کی، بابراعظم کو 24 رنز پر پری ٹوریئس نے بولڈ کردیا جس کے بعد محمد حفیظ بیٹنگ کے لیے آئے لیکن ان کی اننگز بھی 17 رنز تک محدود رہی تاہم فخرزمان نے گراؤنڈ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلتے ہوئے اپنی نصف سنچری اسکور کی مگر وہ اپنی اننگز کو سنچری میں نہ بدل سکے اور 70 رنز پر وکٹ گنوا بیٹھے۔

شعیب ملک اور محمد رضوان نے انتہائی سست رفتاری سے بیٹنگ کی لیکن اس کے باوجود رضوان اپنی وکٹ نہ بچاسکے اور 30 گیندوں پر صرف 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ شعیب ملک بھی 31 رنز پر ہمت ہار بیٹھے۔ شاداب خان نے عماد وسیم کے ساتھ ملکر اسکور بورڈ کو آگے بڑھانے کی کوشش کی لیکن شاداب بھی 19 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ 221 کے مجموعے پر محمد عامر 6 رنز بنا کر بولڈ ہوگئے۔

آل راؤنڈرعماد وسیم نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 31 گیندوں پر 47 رنز بنا کر مجموعے کو 240 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، وہ اور شاہین شنواری ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

پروٹیز کی جانب سے اینڈیل پہلوک وایو اور پری ٹوریئس نے 2،2 جب کہ ڈیل اسٹین اور ویان ملڈر اور رباڈا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
Load Next Story