نواز شریف کے بھاری مینڈیٹ کا راز جلد کھل جائیگا منور حسن

مرسی حکومت کیخلاف سازش واشنگٹن میں تیار کی گئی، مصر میںفوجی بغاوت کیخلاف دھرنے سے خطاب


Numainda Express July 22, 2013
لاہور: امیر جماعت اسلامی منور حسن مصر میں فوجی حکومت کے خلاف دھرنے سے خطاب کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف غلط کو غلط کہنا سیکھیں، اقتدار 2چار دن کا مہمان ہوتا ہے، اگر مشرف اقتدار پر قبضہ کرے تو وہ بغاوت اور السیسی کرے تو وہ جائز کیسے ہو سکتاہے؟

وزیراعظم کو بھارت سے تعلقات کی بحالی کی اس قدر جلدی ہے کہ اب بھارتی فوج کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی اور کشمیریوں کے قتل پر بھی ان کا ایمان جوش نہیں مارتا، جس طرح آئی جے آئی کے اتحاد اور اقتدار کا راز فاش ہوا ہے، بہت جلد یہ راز بھی کھلنے والا ہے کہ نواز شریف کو تیسری بار بھاری مینڈیٹ کیسے ملا؟ وزارت خارجہ نے بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں کو سزائوں کی مذمت کرنے کی بجائے اعلان لاتعلقی کر کے کروڑوں عوام کے دل زخمی کیے ہیں۔



مصر میں لاکھوں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر کفر کے ایوانوں میں تہلکہ مچا دیا ہے، مغرب اور امریکا نے اگر آئینی و جمہوری راستہ روکا تو اسلامی تحریکیں ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہو جائیں گی اور پھر پوری دنیا میں دمادم مست قلندر ہو گا۔ وہ مصر میں فوجی بغاوت اور صدر مرسی کی منتخب حکومت کے خاتمے کے خلاف جماعت اسلامی لاہور کے زیراہتمام مسجد شہدا مال روڈ پر احتجاجی دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے منور حسن نے کہا کہ مصر میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش واشنگٹن میں تیار کی گئی تاکہ اسرائیل کے سر پر لٹکتی تلوار سے جان بچائی جا سکے۔ امریکا کسی بھی اسلامی تحریک کو کامیاب ہوتے دیکھ کر اس کا تخت الٹ دیتا ہے۔ مصر اور الجزائر کے علاوہ سوڈان، ترکی ودیگر مسلم ممالک میں اس کی سازشیں جاری ہیں، تاہم پاکستان کے عوام اپنے مصری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں