کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سردی میں اضافہ

ایئرپورٹ اور اطراف کے علاقوں میں 16.4 جبکہ لانڈھی میں 11.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی


ویب ڈیسک January 31, 2019
بارش کی وجہ سے سڑک پر پھسلن کے باعث موٹر سائیکل سوار بھی گر کر زخمی ہوگئے ۔ فوٹو : فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیزبارش کے باعث سردی میں اضافہ ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق شہر قائد میں ایک بار پھر ابرِرحمت برس پڑی، کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ شہر کے مختلف علاقوں گلشن اقبال، گلستان جوہر، گلشن معمار، فیڈرل بی ایریا، غریب آباد، لیاقت آباد، بہادر آباد، کار ساز، بلدیہ ٹاؤن، نارتھ کراچی، سہراب گوٹھ، سپرہائی وے، نارتھ ناظم آباد، سولجر بازاراوراولڈ سٹی ایریا میں ہلکی اور تیز بارش ہوئی جب کہ سڑک پر پھسلن کے باعث ایک درجن سے زائد موٹر سائیکل سوار بھی گر کرزخمی ہوگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش صدر میں 18 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جب کہ ایئرپورٹ 16.4، فیصل بیس 12، سرجانی 11.8، موسمیات 11.3 لانڈھی 6.5، گلستانِ جوہر 6، ناظم آباد 4، نارتھ کراچی 3، مسرور بیس پر ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

شہرکا کم سے کم درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سے آنے والی ٹھنڈی ہوا کا سلسلہ جاری رہے گا تاہم تیزبارش کا کوئی امکان نہیں۔

دوسری جانب چند ملی میٹر بارش نے بلدیاتی اداروں کی نا اہلی کا پول ایک بار پھر کھول دیا۔ رات گئے ہونے والی بارش کے باعث کئی علاقوں اور شاہراہوں کے نشیبی مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ صدر، گلستانِ جوہر، ماڈل کالونی، سرجانی، اسکیم 33، گلشنِ اقبال، ایکسپریس وے، یونیورسٹی روڈ، شہیدِ ملت روڈ، کورنگی روڈ، نیشنل ہائی وے سمیت کئی علاقے شدید متاثرہوئے جس کے باعث شہریوں کو شدید مکلات کا سامنا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں