کراچی کے حالات روایتی انداز میں ٹھیک نہیں ہوسکتے چوہدری نثارعلی

ہمیں کراچی کے امن میں خلل ڈالنے والوں سے سخٹی سے نمٹنا ہوگا،وفاقی وزیر داخلہ

کراچی کی خراب صورتحال پر وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے مشاورت کی اور سیکیورٹی اداروں سے اس معاملے پر بریفنگ بھی لی ہے،چوہدری نثار علی فوٹو: ایکسپریس نیوز

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ شہر کے امن میں خلل ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹنا ہوگا کیونکہ شہر قائد کے حالات روایتی انداز سے ٹھیک نہیں ہوسکتے اوروفاقی حکومت شہریوں کو امن فراہم کرنے کیلئے صوبائی حکومت کی ہر طریقے سے مدد کرے گی۔

کراچی میں مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر اور معاشی مرکز ہے یہاں کے عوام اس بدامنی کے مستحق نہیں ہیں، عوام ووٹ کے ذریعے صوبائی اور وفاقی حکومتوں کا انتخاب کر چکے ہیں اور اب ہمیں اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہے، ہمیں کراچی کے امن میں خلل ڈالنے والوں سے سختی سے نمٹنا ہوگا کیونکہ شہر قائد کے حالات روایتی انداز سے ٹھیک نہیں ہوسکتے۔


وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ انہوں نے کراچی کی خراب صورتحال پر وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اور گورنر سندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان سے مشاورت کی اور سیکیورٹی اداروں سے اس معاملے پر بریفنگ بھی لی ہے، وزیراعلیٰ سندھ کو وفاق کی جانب سے کراچی میں امن و امان کے قیام کے لئے انٹیلی جنس شیئرنگ اور فورسز کی فراہمی سمیت ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ کراچی میں امن کے لئے صوبائی حکومت تمام تر اقدامات اٹھائے گی اس کے علاوہ وزیراعظم نواز شریف بھی خود کراچی آکر حالات کا معائنہ کرنا چاہتے ہیں ۔

چوہدری نثارعلی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے تمام جماعتوں کے رہنماؤں کو وزیراعظم ہاؤس میں دعوت دی جائے گی تاکہ ملک میں امن و امان کی ابتر صورتحال اور ڈرون حملوں سے متعلق مشاورت کے ساتھ حکمت عملی وضع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اتحادی جماعتوں سے مشاورت کے بعد مسلم لیگ(ن) صدارتی امیدوار کا اعلان کرے گی، مسلم لیگ فنکشنل حکومت کی اتحادی جماعت ہے اس لئے وہ صدارتی امیدوار کے لئے پیر صاحب پگارا کو اعتماد میں لینے آئے تھے، اور آئندہ ایک دو روز میں حتمی امیدوار کا اعلان کردیا جائے گا۔
Load Next Story