امریکا میں انتہائی شدید سردی کے نتیجے میں 21 افراد ہلاک ہوگئے اور درجنوں افراد کی حالت غیر ہونے کے باعث اسپتال میں داخل کرنا پڑا۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی تاریخ کی شدید ترین سردی اور برفباری سے 11 ریاستوں میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ خراب موسم کے باعث مختلف حادثات میں 21 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ درجنوں کو اسپتال میں داخل کرنا پڑا ہے۔
مسلسل گرتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے زیر زمین پانی بھی جمنے لگا ہے جس کے نتیجے میں زمین جم کر پھٹنے لگی اس عمل کو "فروسٹ کوئیک" کا نام دیا جا رہا ہے۔ ہائی ویز بند، ائیر پورٹس پر ہزاروں پروازیں منسوخ جب کہ ریلوے ٹریکس کو آگ لگا کر بڑی مشکل سے ٹرینوں کا نظام چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
ریسکیو ادارے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے، درجنوں افراد "فروسٹ بائٹس" کا شکا ر ہو کر اسپتال پہنچ چکے ہیں۔ ڈاکٹرز نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ایسے مریض اپنے منجمد شدہ اعضاء سے محروم ہو سکتے ہیں۔
مقامی انتظامیہ نے جہاں انتہائی سرد ہواؤں سے بچنے کیلئے لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں وہیں لوگوں کو سینٹرل ہیٹنگ سسٹم کے بے دریغ استعمال سے گریز کرنے کی درخواست بھی کی ہے تاکہ لوگوں کی بڑھتی ہوئی مانگ کو پورا کیا جا سکے۔