ہالی وڈ کی منہگی طلاقیں اور ڈائیورس پارٹیاں

شوہر سے چھٹکارا پانے کی خوشی میں پر تعیش دعوتیں ہالی وڈ کی روایت بن گئی


سید شعیب بلال July 22, 2013
شوہر سے چھٹکارا پانے کی خوشی میں پر تعیش دعوتیں ہالی وڈ کی روایت بن گئی فوٹو : فائل

WASHINGTON: ہالی وڈ میں شادی اور طلاق معمول کی بات ہے ہالی وڈ سے وابستہ لوگوں کے لیے کسی اداکارہ کی شوہر سے علحیدگی معنی نہیں رکھتی بلکہ انہیں یہ جاننے کا تجسس ہوتا ہے کہ ان میں تصفیہ کتنے لاکھ ڈالر میں ہوا۔

صرف یہ ہی نہیں بلکہ طلاق کے بعد ''آزادی'' کے نام پر پر تعیش دعوتیں بھی ہالی وڈ کی روایات کا حصہ ہیں۔ ایسی ہی کچھ منصوبہ بندی اداکارہ ڈیمی مور نے کر رکھی ہے۔ 50سالہ ڈیمی مورنے ایک سال قبل اپنے35سالہ اداکارشوہرایشٹن کوچرسے طلاق اور ایک کروڑ 80لاکھ پاؤنڈ کی ادائیگی کا دعوی کیا تھااور اب جلد ہی انہیں طلاق ملنے والی ہے۔ ڈیمی مور اپنے شوہر ایشٹن کوچر سے زیادہ مال دار ہیں اور اس وقت ان کے اثاثوں کی مالیت 15کروڑ ڈالر سے بھی زائد ہے اور کوچر سے ملنے والی رقم کے بعد ان کی دولت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ حال ہی میں انہیں اپنے سابق شوہر اور مشہور اداکار بروس ولس سے بھی1کروڑ 50لاکھ ڈالر ملے ہیں۔

ہالی وڈ میں طلاق کے بعد پارٹی دینے کی روایت نئی نہیں ہے اور ان مہنگی دعوتوں میں گھرکو رنگ برنگے غباروں سے سجایا جاتا ہے جن پر ''نئی زندگی''لکھا ہوتا ہے،جب کہ''ڈائی ورس کیک'' بھی کاٹا جاتا ہے۔ گزشتہ سال گلوگارہ ریحانہ نے نیویارک میں اپنی بہترین دوست اور پاپ اسٹار کیٹی پیری کی طلاق کی خوشی میں ایک عظیم الشان دعوت دی تھی، جوفلمی حلقوںمیں''گولڈ'' پارٹی کے نام سے مشہور ہے۔ کیٹی پیری کی مزاحیہ اداکار رسل برانڈ سے 14ماہ کی رفاقت کے خاتمے کی خوشی میں دی گئی اس ''گولڈ پارٹی'' میں آنے والی خواتین کا ''مینی کیور'' 24قیراط سونے سے بنے رنگ سے کیا گیا تھا۔

اس طلائی رنگ کی ایک شیشی کی قیمت 1ہزار500پاؤنڈ تھی، جب کہ سابق ماڈل ہیتھر ملز نے پال میک کارٹنی سے علیحدگی کے بعداپنے دوستوں کی عظیم الشان دعوت کی تھی۔ خلیج میکسیکو کے کیریبین جزائر میں دی جانے والی اس پارٹی میںصرف 20افراد کو مدعو کیا گیا تھاتمام مہمانوں کے لیے مہنگی ترین رہائش اور تفریحات سمیت جہاز کے فرسٹ کلاس ٹکٹ کا انتظام بھی ہیتھر ملز کی جانب سے کیا گیا تھا۔ شوہر سے چھٹکارا پانے کی خوشی میں دی گئی اس پارٹی پر ہیتھر ملز نے ڈھائی لاکھ ڈالر خرچ کیے تھے۔

اوراپنی ہم عصروں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ڈیمی مور نے بھی ایشٹن کوچر سے طلاق کے بعد اپنے لاس اینجلس والے گھر میں''سروائیور''کے نام سے ایک پر تعیش دعوت کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے جس میں جاپان کی مہنگی ترین ڈش''ساشی می'' اور ''فریڈم پنچ ''کے نام سے مشروبات پیش کیے جائیں گے۔اب بات کرتے ہیں ہالی وڈ میں ہونے والی مہنگی ترین طلاقوں کی۔

اداکاراور پروڈیوسر میل گبسن کی اپنی بیوی میری روبن کو دی جانے والی طلاق کو اب تک ہالی وڈ کی سب سے مہنگی طلاق قرار دیا جاتا ہے۔ گبسن نے2011میں 26سالہ رفاقت کے خاتمے پر میری روبن کو اپنی کل دولت کا نصف حصہ دیا تھا جو کہ تقریباً 40کروڑ ڈالر بنتے ہیں۔

ڈائریکٹر گے رچی اور گلوکارہ میڈونا کی شادی کا انجام بھی طلاق پر منتج ہوا تھا اور گے رچی نے اپنی دولت کا پانچواں حصہ جو تقریباً9 کروڑ ڈالر بنتے ہیں میڈونا کو تصفیے کے طور پر ادا کیے تھے ۔

سائنس اور فکشن فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جانے والے ہدایت کار اسٹیون اسپیل برگ کی ازدواجی زندگی بھی کامیابی سے ہمکنار نہ ہو سکی اور انہوں نے اپنی بیوی ایمی ارونگ کو طلاق کے بعد 10کروڑ ڈالر ادا کیے۔

ٹرمی نیٹر اسٹار اور امریکی ریاست کیلی فورنیا کے سابق گورنر کی بیوی ماریا شرائیور نے شادی کے25سال بعد طلاق کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ ماریا نے آرنلڈ کی نصف جائیداد میں حصے کا دعوی کر رکھا ہے۔ دونوںکی مشترکہ جائیداد کی مالیت ایک اندازے کے مطابق 40کروڑ ڈالر ہے تاہم ابھی تک دونوں ایک ساتھ رہ رہے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں