پہلا ٹی ٹوئنٹی ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے پاکستانی ٹیم کو شکست دیدی

ویسٹ انڈیز نے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 89 کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔


Sports Reporter January 31, 2019
ویسٹ انڈیز نے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 89 کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کو 89 کے بھاری مارجن سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق 15 برس کے بعد پاکستان آنے والی ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم نے 3 میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کا کامیاب آغاز کیا، سخت ترین سیکوریٹی میں ساوتھ اینڈ کلب گراونڈ پرکھیلے جانے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹننگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، رات کو ہونے والی بارش کا مہمان ٹیم نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 2 وکٹیں کھو کر 160 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، ڈینرہ ڈرٹن نے 60 گیندوں پر 90 رنز کی شاندار جارحانہ اننگ کھیلی جس میں 8 چوکے اور 4 زوردار چھکے بھی شامل تھے، چیڈن نیشن نے بھی آوٹ ہوئے بغیر 35 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 50 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔

گیلی فیلڈ ہونے کی وجہ سے خوفزدہ پاکستان فیلڈرز نے متعدد کیچز ڈراپ کیے، تاہم جواب میں میزبان ٹیم بیٹنگ میں بھی بری طرح فلاپ نظرآئی اور ہدف کے تعاقب میں 89 رنز پر ہی ہمت ہار گئی، کپتان بسمعہ معروف38 اور جویریا خان 19 کے ساتھ نمایاں رہیں، سدرا امین 2، اومیما سہیل 3، ارم جاوید7، عالیہ ریاض6، ندا دار2، ثنا میر2 اور ایمن انور 4 رنز ہی جوڑ سکیں جبکہ سدرا نواز اور نشرح سندھوکوئی رن نہیں بنا سکیں، شمیلہ کونئیل نے 29 رنز کے عوض 3 وکٹوں کا سودا کیا جب کہ شاکیرہ سلمان نے 8 اور انیسہ محمد نے 17 رنز دے کر2، 2 کھلاڑیوں کو واپس ڈریسنگ روم بھیجا جب کہ دنیرہ اور ایفے فلیچر نے ایک ایک وکٹ پر ہاتھ صاف کیا، ڈینڈرا پلیئر آف دی میچ قرار پائیں ، دوسرا میچ جمعہ کو صبح 10 بجے شروع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔