آصف زرداری پکے ای سی ایل پر ہیں فواد چوہدری

ای سی ایل پر نظرثانی ہونے والے 32 کیسز میں آصف زرداری کا نام شامل نہیں، وزیر اطلاعات


ویب ڈیسک January 31, 2019
بدترین معاشی حالات پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ سے ورثے میں ملے ہیں، وزیر اطلاعات (فوٹو : فائل)

وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ای سی ایل پر نظر ثانی ہونے والے 32 کیسز میں آصف زرداری کا نام شامل نہیں اس لیے وہ کنفرم ای سی ایل پر ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان کا 5 ہزار 571 ارب روپے سالانہ خرچہ ہے، گیس اور بجلی کا خسارہ 600 ارب روپے ہے، یہ سارے پیسے ہم ٹیکس سے اکٹھا کرتے ہیں، اب ہمیں 2 ہزار ارب روپے قرض واپسی کے لیے چاہیے لیکن ہمارا ٹیکس بجٹ بہت کم ہے، اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنےکی کوئی بات نہیں ہورہی، اٹھارویں ترمیم اور بعد کی تقسیم بڑی مختلف ہے، اٹھاوریں ترمیم کے بعد وفاق 10 میں سے 6 روپے صوبوں میں بانٹ دیتا ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ یہ تمام قرضے اور بدترین معاشی حالات پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ سے ورثے میں ملے ہیں، گزشتہ 10 سال کے درمیان ملکی قرضوں میں 84 فیصد اضافہ ہوا تاہم اب معیشت کے حالات آج پہلے سے بہت بہتر ہیں، ملک کو مشکل سے ادائیگیوں کے بحران سے نکالا ہے، وزیراعظم نے6 ماہ میں پاکستان کی خارجہ پولیسی تبدیل کر دی، قطر سے 12 سال بعد کوئی شخصیت پاکستان کے دورے پر آئی، سعودی عرب کے کراؤن پرنس بہت جلد پاکستان آرہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ (ن) لیگ کے دور میں 29 ہزار انٹرن بھرتی کیے گئے جنہیں وظیفہ نہیں مل رہا تھا، وزیر اعظم نے ان کے وظیفے کی منظوری دے دی ہے، 175 ملکوں کو اب ای ویزاکی سہولت مہیا ہوگی، 50 ملکوں کو ویزا اور پاکستان آنے کی سہولت دی گئی ہے، بزنس ویزا کو بڑھا کر 98 ملکوں تک کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا وژن افغانستان میں استحکام ہے، افغانستان میں پاکستان کا گیم چینجرکردارچل رہا ہے، امریکا پہلی بار پاکستان کے نقطہ نظرکو سمجھ رہا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سول سروس اصلاحات لائی جا رہی ہیں، ادارہ جاتی ریفارمز پر ٹاسک فورس نے رپورٹ کابینہ میں پیش کی اور ابتدائی سفارشات بھی دی ہیں، 172 لوگوں کے نام جو ای سی ایل میں ڈالے گئے تھے ان میں سے ایک شخص کا انتقال ہوا ہے، ای سی ایل پر نظرثانی ہونے والے 32 کیسز میں آصف زرداری کا نام شامل نہیں، آصف زرداری پکے ای سی ایل پر ہیں۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ کابینہ نے حج پالیسی کی منظوری دے دی ہے، حج پیکج 4 لاکھ 36 ہزار 290 روپے ہوگا، حج پالیسی کو ریویو کیا گیا ہے، اس بار پاکستان سے 1 لاکھ 84 ہزار 210 عازمین حج پرجائیں گے،10 ہزار بزرگ شہری بغیر قرعہ اندازی جائیں گے، گلگت میں حج کیمپ لگایا جائے گا، کوئٹہ سے حج کی ڈائریکٹ فلائٹ چلے گی، وزیراعظم چاہتے ہیں حاجیوں کو مثالی مراعات دی جائیں اور انہوں نے وزیر مذہبی امور کو حاجیوں کو بہترین سہولیات دینے کا کہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔