ماتلی ہزاروں سرکاری ملازمین بینوولنٹ فنڈز سے محروم

تاخیری حربوں کی وجہ سے غریب ملازمین عید کی خوشیاں منا نے سے محروم رہ جائیں گے

محکمہ خزانہ کی جانب سے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیری حربوں کے سبب متاثرہ سیکڑوں ملازمین اور ان کے اہل خانہ میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

محکمہ خزانہ کے حکام کی عدم دلچسپی اور فنڈز جاری نہ کرنے کے نتیجے میں صوبہ سندھ کے ہزاروں سرکاری ملازمین کروڑوں روپے کے واجبات سے محروم ہیں۔

فنڈز کی فراہمی میں تاخیر کے باعث سندھ کے ہزاروں ملازمین عید الفطر کی خوشیاں منانے سے محروم رہیں گے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت سندھ کے فنانس ڈپارٹمنٹ کی مبینہ غفلت و لاپروائی کے سبب سندھ کے تمام اضلاع کو تاحال بینوولنٹ فنڈز ریلیز نہ کیے جانے کے سبب ہزاروں سرکاری ملازمین خصوصاً دوران سروس وفات پاجانے والے ملازمین کی بیوائیں اور طبی بنیاد پر قبل از وقت ریٹائرڈ صوبے کے ہزاروں ملازمین کو پچھلے کافی عرصے سے بینوولنٹ فنڈز کی مد میں کروڑوں روپے کی ادائیگی نہیں ہوسکی۔





ڈپٹی کمشنر بدین کے دفتر سے متعلقہ شعبے سے حاصل شدہ معلومات کے مطابق محض ضلع بدین کے 954 ملازمین اور بیواؤں کے حکومت سندھ کی جانب تاحال 5کروڑ روپے سے زائد کے واجبات واجب الادا ہیں۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے مطلوبہ فنڈز کی فراہمی میں تاخیری حربوں کے سبب متاثرہ سیکڑوں ملازمین اور ان کے اہل خانہ میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔

اگر محکمہ خزانہ فی الفور مذکورہ فنڈز جاری بھی کردے تو فراہم کردہ فنڈز کی متاثرہ ملازمین کو ادائیگی کے لیے ڈسٹرکٹ بینوولنٹ فنڈ بورڈ کے اجلاس اور بعد ازاں دیگر لوازمات کی تکمیل کے باعث عیدالفطر سے قبل ملازمین کو بینوولنٹ فنڈ کی فراہمی خاصی مشکل نظر آرہی ہے، متاثرہ درجنوں ملازمین نے وزیراعلیٰ، چیف سیکریٹری اور مشیر خزانہ سندھ سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ ہے۔
Load Next Story