مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے مزید 2 کشمیری شہید

بے گناہ کشمیریوں کی شہادت کے بعد شہریوں کا احتجاج، بھارتی فورسز سے جھڑپیں


ویب ڈیسک February 01, 2019
گزشتہ 20 برسوں میں 95 ہزار سے زائد کشمیری شہید کئے جاچکے ہیں فوٹو: فائل

ISLAMABAD: مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے مزید دو کشمیریوں کو شہید کردیا ہے جس کے بعد نہتے مظاہرین اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں قابض بھارتی فوج نے گھر گھر تلاشی لی اور چادر و چار دیواری کا تقدس پامال کیا، بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں 2 شہریوں کو شہید کردیا۔ واقعے کے بعد نہتے عوام کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی جنہیں روکنے کے لیے بھارتی فوج اور کٹھ پتلی انتظامیہ نے طاقت کا استعمال کیا۔ اس کے علاوہ علاقے کی صورت حال اور عوامی غم و غصے کی لہر سے متعلق خبروں کو دبانے کے لیے موبائل اور انٹر نیٹ سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

دوسری جانب آل پارٹیز حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے دورہ کشمیر کے دوران مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دے دی ہے۔

گزشتہ 71 برس سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط کے خلاف جدو جہد آزادی جاری ہے۔ گزشتہ 20 برسوں میں 95 ہزار سے زائد شہری شہید کئے جاچکے ہیں جن میں سے 7 ہزار 100 سے زائد نے دوران حراست جام شہادت نوش کیا ہے، اس کے علاوہ بھارتی درندوں نے 11 ہزار سے زائد خواتین کی عصمتیں تار تار کی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں