ناقدین کو پرفارمنس سے ہی جواب دینے کی کوشش کرتاہوں امام الحق

جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز ضرور جیتنے میں کامیاب ہوگی، امام الحق

جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز ضرور جیتنے میں کامیاب ہوگی، امام الحق۔ فوٹو : فائل

قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق کا کہنا ہے کہ ناقدین کو پرفارمنس سے ہی جواب دینے کی کوشش کرتاہوں۔

لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے امام الحق کا کہنا تھا کہ سنچری بنانے کے بعد فرسٹریشن میں کچھ اشارے ہوئے، کبھی کبھی ایسا ہوجاتا ہے لیکن ان کا کوئی غلط مطلب نہیں تھا، سب میرے لیے محترم ہیں اور سب کی عزت کرتا ہوں، میرا کام میدان میں بیٹ کے ذریعے پرفارم کرنا ہے، کوشش کرتاہوں کہ ہر اننگز میں زیادہ سے زیادہ رنز کروں اور ناقدین کو اپنی بیٹ کی پرفارمنس سے ہی جواب دینے کی کوشش کرتاہوں۔

امام الحق نے کہا کہ جنوبی افریقہ کا پہلا تجربہ تھا، وہاں جاکر کھیلنےکا کافی مزہ آیا، ٹیسٹ میچز میں کافی کچھ سیکھا، ون ڈے میچز میں کافی بہتر پرفارمنس دی، ایک میچ میں بارش کی وجہ سے رزلٹ پر فرق پڑا، بارش نہ ہوتی تو وہ میچ پاکستان جیت سکتا تھا۔ مجموعی طورپر سب لڑکوں کی کارکردگی میں کافی بہتر آئی، ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان دنیا کی نمبرون ٹیم ہے اور سارے لڑکے زبردست پرفارمنس دے رہے ہیں، اس لیے میرے نزدیک جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز ضرور جیتنے میں کامیاب ہوگی۔


امام الحق نے کہا کہ جنوبی افریقا کا بہت ٹف ٹور سمجھا جاتا ہے، وہاں کی کنڈیشنز میں پرفارمنس دینا آسان نہیں ہوتا، ٹیم انتظامیہ نے بہت سپورٹ کیا، جس کی وجہ سے بیٹنگ پرفارمنس اچھی ہوئی، کوشش کروں گا کہ آئندہ بھی اسی کارکردگی کےتسلسل کو برقرار رکھوں۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے ملک میں آٹھ میچز سے پوری دنیا کو اچھا پیغام ملے گا کہ پاکستان ایک محفوظ ملک ہے، یہاں پر میچز سے شائقین کے ساتھ کھلاڑی بھی بہت انجوائے کریں گے۔

امام الحق کا کہنا تھا کہ ورلڈکپ کی تیاری کے لیے جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کے بعد آسٹریلیا اور انگلینڈ سے میچز بھی کھیلنے ہیں، اس لیے ٹف ٹیموں کےخلاف کھیلنے سے ہمیں میگاایونٹ کے لیےزبردست پریکٹس مل جائےگی، شعیب اور سرفراز کی کپتان میں کوئی فرق نہیں، دونوں اچھی کپتانی کرتے ہیں۔

 
Load Next Story