ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری اسکردو میں پارہ منفی 10ریکارڈ

اسکردو میں منفی 10، کالام، مالم جبہ منفی 5، ہنزہ منفی 4 اور چترال میں منفی 3 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا


ویب ڈیسک February 01, 2019
اسکردو میں منفی 10، کالام، مالم جبہ منفی 5، ہنزہ منفی 4 اور چترال میں منفی 3 درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ فوٹو : فائل

ملک بھر میں کہیں بارش تو کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

ملک بھر میں سردی کی شدید لہر جاری ہے، کہیں بارش، کہیں ٹھنڈی ہوائیں تو کہیں برفباری کا سلسلہ جاری ہے، اسکردو میں درجہ حرارت منفی 10، کالام، مالم جبہ منفی 5، ہنزہ منفی 4، چترال میں منفی 3 اور مری کا پارہ منفی 2 ریکارڈ کیا گیا۔

شمالی علاقوں میں کئی کئی فٹ برف باری ریکارڈ کی گئی، مری میں 2فٹ جبکہ گلیات میں 3 فٹ تک برف پڑنے کے بعد برفباری کا سلسلہ تھم گیا، محکمہ ہائی وے نے رات بھر مشینری کے استعمال سے مین روڈ پر برف صاف کردی، شدید برفباری سے درخت اور پول گرنے سے بجلی کی فراہمی معطل اور گلیات میں نظام زندگی مفلوج ہے۔ باڑیاں، نتھیاگلی روڈ، ایوبیہ روڈ اور خانسپور روڈ سمیت اکثر سڑکیں بند ہیں اور ان علاقوں میں لاکھوں افراد گھروں میں محصور ہیں۔

دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں بارش کے بعد دھند کا راج رہا جب کہ اکثر مقامات پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی، آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھی شدید برف باری کے بعد حویلی کی یونین کونسل درہ حاجی پیر کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جس کے باعث خوراک اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے جب کہ ڈاکٹر اور ادویات بھی میسر نہیں، علاقہ مکینوں کی حکومت پاکستان اور پاک آرمی سے مدد کی اپیل کی ہے۔

دوسری جانب شہر قائد میں بھی گزشتہ رات کی بارش کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جب کہ شہر میں یخ بستہ ہواؤں کا راج ہے جو اگلے 2،3 دن تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا تاہم گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر مزید بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔