نواز شریف کو جیل سے اسپتال منتقل کیاجائے میڈیکل بورڈ کی سفارش

میڈیکل بورڈ نے میڈیکل رپورٹ مرتب کرکے محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوادی

سابق وزیر اعظم دل سمیت مختلف امراض میں مبتلا ہیں فوٹو: فائل

میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کو جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش پر مبنی رپورٹ محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوادی ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف مختلف امراض میں مبتلا ہیں۔ان کے طبی معائنے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے امراض قلب کے ماہرین پر مشتمل خصوصی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا تھا۔ جس نے 30 جنوری کو دو گھنٹے تک کوٹ لکھپت جیل میں نواز شریف کا طبی معائنہ کیا تھا۔


میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا بلڈ پریشر ، ای سی جی اور خون کے نمونے حاصل کیے جبکہ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیکل بورڈ کو نواز شریف کی دل کی بیماری سے متعلق ہسٹری پر بریفنگ دی تھی۔

میڈیکل بورڈ نے جیل میں نواز شریف کا معائنہ کرنے اور میڈیکل رپورٹس کی روشنی میں رپورٹ مرتب کر کے محکمہ داخلہ پنجاب کو بھجوادی ہے جس میں انہیں جیل سے اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
Load Next Story