رمضان کرکٹ کے آر ایل نے سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا

آج پی آئی اے سے مقابلہ ہوگا، 3 رنز سے شکست کے بعد سوئی ناردرن گیس کا سفر تمام


Sports Desk July 23, 2013
زین عباس کو آل راؤنڈ کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: پی سی بی رمضان ٹوئنٹی20 کپ کے لیگ میچ میں کے آر ایل نے سوئی ناردرن گیس کواعصاب شکن مقابلے میں 3 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں قدم رکھ دیا۔

ناکام سائیڈکا ایونٹ میں سفر تمام ہو گیا،زین عباس کوآل راؤنڈکارکردگی پر مین آف دی میچ قراردیا گیا، گروپ 'بی' میں پورٹ قاسم اتھارٹی کی ٹیم پہلے ہی فائنل فور میں نشست محفوظ بنا چکی، زیڈٹی بی ایل اور نیشنل بینک کے درمیان لیگ کا آخری میچ رسمی کارروائی بن گیا، پہلا سیمی فائنل منگل کو پی آئی اے اورکے آر ایل کے درمیان ہوگا،فائنل تک رسائی کا دوسرا معرکہ بدھ کی شب حبیب بینک اور پورٹ قاسم کے درمیان کھیلا جائیگا، فیصلہ کن معرکہ جمعرات کوشیڈول ہے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری ٹورنامنٹ کے19ویں میچ میں کے آر ایل نے ٹاس جیت کرپہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنرز محمد یاسین اور زین عباس نے40 رنز جوڑے، زین23 رنزبنانے کے بعد خرم شہزاد کا شکار بن گئے، کپتان سعیدانورجونیئر نے سنبھل کرکھیلتے ہوئے محمدیاسین کے ہمراہ ٹیم کا اسکور74 رنز تک پہنچایا۔

اننگز کا 13واں اوور کے آر ایل کیلیے تباہ کن ثابت ہوا، اس میں بلاول بھٹی نے تین وکٹیں لے کر اسکورنگ ریٹ کم کردیا،انھوں نے چوتھی گیند پر سعیدانور(23)کوپویلین کی راہ دکھا دی، پانچویں گیند وائیڈ رہی لیکن اگلی2 بالز پر انھیں وکٹیں مل گئیں، یاسین (36) اور آخری گیند پرعلی خان (صفر) ان کا شکار بن گئے، 98کے اسکورپرشعیب احمد کو بھی بلاول بھٹی نے آؤٹ کر دیا، انھوں نے 9 گیندوں پر 12 چرنز بنائے۔



ذوالفقارجان (18) اور نوید یاسین (23) نے چھٹی وکٹ کیلیے33 رنز کی پارٹنر شپ بناکر ٹیم کا اسکور مقررہ اوورز میں 131 تک پہنچایا، بلاول بھٹی نے 23 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا، جواب میں ایس این جی پی ایل کا آغاز متاثرکن نہ تھا،7 رنز پر عظیم گھمن (2) میدان بدر ہوگئے، کپتان توفیق عمراوراظہرعلی نے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے مجموعے کو 58 تک پہنچایا۔

اس موقع پرزین عباس نے توفیق کووکٹ کیپر ذوالفقار کے ہاتھوں اسٹمپڈ کرا دیا، سابق ٹیسٹ اوپنر نے 31 رنزکی اننگز کے دوران زین کے ساتھ 51 کی شراکت بنائی،اسی اوورکی آخری گیند پر خرم شہزاد(1) بولڈ ہو گئے یوں ٹیم پردباؤ مزید بڑھ گیا، دوسرے اینڈ پراظہرعلی نے ڈٹ کرحریف بولرز کا اعتماد سے سامنا کیا، انھوں نے علی وقاص کے ساتھ 61 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی،121 کے ٹوٹل پر راحت علی نے علی وقاص (26) کو آؤٹ کرکے میچ کو سنسی خیز بنا دیا،اختتامی اوور میں ایس این جی پی ایل کوجیت کیلیے 11 رنز درکار تھے لیکن بیٹسمین یہ ہدف حاصل نہ کر پائے، عثمان خان نے عمران خالدکی آخری گیند پر چوکا لگا کر ہیرو بننے کا موقع بھی گنوا دیا، وہ سعیدانورکو کیچ دے کر چلتے بنے، عثمان خان اورزین عباس نے 2، 2 جبکہ راحت علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔