رمضان شوگر ملز کیس کی تحقیقات مکمل شہباز شریف اور حمزہ شہباز مرکزی ملزمان نامزد

ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں تحقیقات جاری تھیں، نیب لاہور


ویب ڈیسک February 01, 2019
ملزمان پر 21 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں تحقیقات جاری تھیں، نیب لاہور (فوٹو: فائل)

نیب نے رمضان شوگر ملز کیس میں جاری تحقیقات مکمل کرلی ہیں اور کرپشن ریفرنس میں قائدِ حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ملزم نامزد کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور شہزاد سلیم کی زیر صدارت بورڈ میٹنگ ہوئی جس میں ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ بورڈ میٹنگ میں رمضان شوگر ملز کیس میں جاری تحقیقات مکمل کرتے ہوئے کرپشن ریفرنس حتمی منظوری کے لیے نیب ہیڈ کوارٹر ارسال کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے۔

نیب لاہور کے مطابق ہیڈ کوارٹر ارسال کیے گئے کرپشن ریفرنس میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور ڈائریکٹر رمضان شوگر ملز حمزہ شہباز مرکزی ملزم نامزد کیے گئے ہیں۔ ریفرنس چیئرمین ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کے بعد احتساب عدالت میں دائر کیا جائے گا، ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال سے مبینہ طور پر 21 کروڑ روپے کی کرپشن کے الزام میں تحقیقات جاری تھیں۔

نیب لاہور کا کہنا ہے کہ سابق پرنسپل سیکریٹری وزیر اعظم ملزم فواد حسن فواد کے خلاف بھی آمدنی سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں اور ریجنل بورڈ کی جانب سے ملزم فواد حسن فواد کے خلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

نیب کے مطابق ملزم فواد حسن فواد پر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ طور پر 1 ارب سے زائد مالیت کے اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں