حضرت خالد بن ولیدؓ کے مزار کو نقصان الطاف حسین کی مذمت

متحارب گروپ اہل بیت اور صحابہ کرام کے مزارات کا تقدس پامال نہ کریں، قائد متحدہ


Express Desk July 23, 2013
متحارب گروپ اہل بیت اور صحابہ کرام کے مزارات کا تقدس پامال نہ کریں، قائد متحدہ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے شام میں جھڑپوں کے دوران صحابی رسول ؐ حضرت خالد بن ولیدؓ کے مزارکو نقصان پہنچائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ اس قسم کے مذموم واقعات کسی بھی مسلمان کیلیے ناقابل برداشت ہیں۔ انھوں نے شام میں برسر پیکار متحارب گروپوں سے اپیل کی کہ خدارا اپنی لڑائی میں اہل بیت اور صحابہ کرام کے مزارات کا تقدس پامال نہ کریں۔دریں اثنا کراچی میں ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان احمد سلیم صدیقی، خالد سلطان، عادل خان اور اسلم آفریدی نے ایم کیو ایم ملیر، پاک کالونی، نارتھ کراچی اور سوسائٹی سیکٹرز میں الگ الگ افطار پارٹیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں دہشت گردوں کا حضرت بی بی زینبؓ کے روضے پر حملہ امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کو للکارنے کے مترادف ہے ۔



قائد تحریک الطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف قومی اور عالمی اسٹیبلشمنٹ گھنائونی سازش میں مصروف ہیں لیکن ایسے وقت میں بھی الطاف حسین نے اتحاد بین المسلمین کو نقصان پہنچانے کی سازش کو نہ صرف بے نقاب کیا اور حضرت بی بی زینبؓ کے روضہ مبارک پر حملے پر آواز احتجاج بلند کی۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ملت اسلامیہ کے تحفظ کے دعویداروں اور نام نہاد جہاد کے علمبرداروں کی جانب سے بی بی زینبؓ کے روضے پر دہشت گردوں کے حملے پر مجرمانہ خاموشی قابل مذمت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں